سان فرانسسکو: فیس بک چیٹ اور واٹس ایپ کی طرح اب ٹویٹر نے بھی ایموجی پیش کردیئے ہیں جنہیں براہِ راست پیغام میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
اس طرح صارفین کسی بھی گفتگو کے تھریڈ میں اپنے احساسات اور جذبات ایموجی کی صورت میں داخل کرسکیں گے۔ اس موقع پر ٹوئٹر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے:
’ اب براہِ راست پیغام خواہ وہ متن کی صورت میں ہو یا میڈیا کی شکل میں، ایموجی کو فوری طور پر شامل کرنا بہت آسان ہے۔ جس جگہ ایموجی لگانی ہو وہاں کرسر لائیں تو دل اور جمع کے نشان کا آئکن نمودار ہوگا ۔ یا پھر فون پر ایموجی لانے کے لیے ڈبل ٹیپ کیجئے اور پاپ اپ آئکن میں سے کوئی بھی ایموجی منتخب کیجئے۔
آپ کسی بھی وقت اسے ہٹاسکتےہیں اور یہ تمام شرکا کے پیغام سے بھی ہٹ جائے گا خواہ ان کی تعداد ہزاروں میں ہی کیوں نہ ہو۔ کسی بھی ٹویٹ کے ردِ عمل میں آپ ٹیپ کرکے دیکھ سکتے ہیں کہ کس کس نے آپ کے پیغام میں اپنا ایموجی اظہار کیا ہے۔ اسی طرح ایموجی چلتی رہے گی اور اس کا اظہار آپ کی لسٹ میں موجود ہرفرد تک پہنچتا رہے گا۔
گزشتہ برس اکتوبر میں ٹوئٹر نے پہلی بار اس کا عندیہ دیا تھا جسے تجزیہ نگاروں نے محسوس کیا تھا۔ ٹویٹر کے مطابق اب ایموجی کی تعداد کو مزید بڑھایا جائے گا۔ ٹویٹر نے اس سے قبل ایموجی ری ایکشن شامل کرنے کے منصوبے بنائے تھے لیکن وہ روبہ عمل نہ ہوسکے۔
اب دنیا کی مشہور ایپس اور سوشل میڈیا میں ایموجی کے استعمال اور مقبولیت کے بعد ٹویٹر نے حتمی طور پر انہیں داخل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ لیکن یاد رہے کہ اس کے لیے صارفین کو ٹویٹر کا نیا ورژن انسٹال کرنا ہوگا۔