لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بی جے پی کے وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریندر مودی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے پریشان بی ایس پی سپریمو مایاوتی خوفزدہ ہو گئی ہیں ۔ بی جے پی ریاستی ترجمان ڈاکٹر چندر موہن نے کہا کہ مایاوتی کے ذریعہ نریندر مودی کو وزیر اعظم بننے سے روکنے کیلئے پوری طاقت سے دیاگیا بیان ان کے غرور کو ظاہر کرنے والا اور زمینی حقیقت سے دور ہے۔ در اصل مایاوتی دلتوں کے مفاد کے دعوے تو بہت کرتی ہیں لیکن ان کی قلعی کھل گئی ہے۔ ریاست کے لوگوں کے ساتھ ساتھ دلتوں کو بھی یہ احساس ہونے لگا ہے کہ مایاوتی ووٹ کی سیاست کرتی ہیں۔ پارٹی ترجمان ڈاکٹر موہن نے کہا کہ نریندر مودی کے ذریعہ سب کا ساتھ سب کی ترقی کے عزم کو تمام طبقوں نے تسلیم کیا ہے اور ریاست کے لوگوں نے ریلیوں کے ذریعہ حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو مارچ کو ہونے والی مہا ریلی کی کامیابی سے خوفزدہ ہوکر مایاوتی غلط بیانات دے
رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں دلتوں پر مظالم کئے جا رہے ہیں، خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے اور ریاست میں انارکی کا ماحول ہے۔ بی ایس پی سپریمو اور ان کی پارٹی صرف رسم ادائیگی کے ذریعہ اپنی ذمہ داری سے فرار ہو رہی ہیں۔