لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اترپردیش ریاستی ملازمین فیڈریشن کے ریاستی صدر اجے سنگھ و جنرل سکریٹری بجرنگ بلی یادو نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ریاست کے ملازمین ، پی آر ڈی جوانوں، آشا کارکنان وغیرہ کی زیر التوا مطالبات کو بلا تاخیر حل کریں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے ملازمین تاریخی ہڑتال کر کے اپنی ناراضگی کا اظہار کر چکے ہیں۔ مطالبات منظور نہ کئے جانے کے سبب ریاستی حکومت کے رویے سے ملازمین کی ناراضگی میں اضافہ ہوا ہے۔ فیڈریشن نے ریاستی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ مہنگائی بھتے کا پچاس فیصد اصل تنخواہ میں شامل کئے جانے کے فیصلہ کے فوراً بعد بلا تاخیر ریاست میں بھی مہنگائی بھتے کا پچاس فیصد اصل تنخواہ میں شامل کیا جائے۔ انہوںنے مزید کہا کہ اگر ریاست کے ملازمین کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا گیا تو فیڈریشن دوبارہ تحریک شروع کر دے گی۔