لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اترپردیش اسمبلی میں کانگریس نے ریاست کے مشرقی علاقہ دیوریا میں کم سے کم پچاس بستروں والے ٹراما سینٹر کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔ صفر وقفہ میں کانگریس کے رکن اسمبلی اکھلیش پرتاپ سنگھ نے مذکورہ مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دیوریا پسماندہ علاقہ ہے اور ریاست میں یہ پہلا ضلع ہے جو کسی بھی قومی شاہراہ سے منسلک نہیں ہے۔ علاقہ میں دماغی بخارجیسی مہلک بیماری ہوتی ہے۔ آبادی کا بہت بڑا حصہ اس سے متاثر ہوتا ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ ایمرجنسی طبی خدمات کا
کوئی مرکز یہاں نہیں ہے اس لئے دیوریا میں پچاس بستروں کا ٹراما سینٹر قائم کیا جانا چاہئے۔ اکھلیش پرتاپ سنگھ کے مطالبہ کی حمایت کانگریس پارٹی کے لیڈر پردیپ ماتھر نے کی۔ جبکہ بی جے پی کے رادھا موہن داس اگروال نے کہا کہ گورکھپور میں ٹراما سینٹر تو قائم ہو گیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہاں پر زمینی سطح پر کوئی کام نہیں ہو رہا ہے۔ بحث میں بی ایس پی کے اما شنکر سنگھ نے بھی حصہ لیا۔ سماج وادی پارٹی کے ضیاء الدین رضوی اور بیسک تعلیم وزیر رام گووند چودھری نے بلیا اور گورکھپور کے درمیان شاہراہ کی ضرورت پر زور دیا۔ معذور بہبود وزیر امبیکا چودھری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یاد ونے کل بلیا میں ۱۰۰ بستروں والے ٹراما سینٹر کو قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دیوریا میں ٹراما سینٹر کے قیام کی یقین دہانی نہ ملنے سے غیر مطمئن کانگریس اراکین نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔