نئی دہلی: جنوبی دہلی کے شاہین باغ دھرنا کیمپ میں آج اس وقت افراتفری مچ گئی جب ایک برقع پوش خاتون، خاتون مظاہرین کے بیچ میں بیٹھ کر ان سے احتجاج کو لے کر بہت سارے سوالات کرنے لگی۔ خواتین کو اس پر شک ہوا تو اس کی تلاشی لی گئی۔ خاتون کے پاس سے کیمرہ برآمد ہوا۔
خاتون نے برقع پہن رکھا تھا جس کے بعد یہاں ہنگامہ مچ گیا۔ لوگوں نے خاتون کو پکڑ لیا اور اس کی اطلاع فورا پولیس کو دی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور اس خاتون کو ساتھ لے گئی۔ اطلاع کے مطابق، خاتون کا نام گنجا کپور ہے جو اپنا ایک یوٹیوب چینل چلاتی ہے۔ اب پولیس اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
گنجا کپور جو کہ ’ رائٹ نیریٹیو‘ نام سے ایک یوٹیوب چینل چلاتی ہے، وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی رہنما تیجسوی سوریا ٹوئٹر پر اسے فالو کرتے ہیں۔ صحافیوں کے ذریعہ جب یہ پوچھا گیا کہ وہ کیمرا کیوں لے کر گئی تو گنجا نے ٹال مٹول کرتے ہوئے جواب دیا کہ یہ میڈیا کے لئے کوئی مصالحے والی خبر نہیں ہے۔ چلے جاؤ۔