سیتاپور: اترپردیش میں ضلع سیتاپور کے بیسواں کوتوالی علاقے میں جمعرات کے روز ایک فیکٹری میں زہریلی گیس کے رساؤ سے کم از کم 7 افراد کی موت ہو گئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جلال پور گاؤں کے پاس واقع ایک دری بنانے والی فیکٹری میں گیس رساؤ سے بے ہوش ہوئے لوگوں کو اسپتال میں پہنچایا گیا جہاں تین مرد، ایک خاتون اور دو بچوں کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ بعد میں ایک اور بچے کی موت کی اطلاع موصول ہوئی۔
ایس ڈی ایم بسوان سریش کمار نے کہا، ’’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ جلالپور میں تیزاب فیکٹری میں گیس رساؤ کی وجہ سے پیش آیا ہے لیکن یہ ابھی تفتیش کا موضوع ہے۔ اس حادثے میں سات افراد کی موت ہوگئی ہے۔‘‘ پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیم راحت اور بچاؤ کے کاموں کے لئے موقع پر پہنچ گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ اکھلیش تیواری بھی موقع پر موجود ہیں اور راحت و بچاؤ کے کاموں میں محکمہ صحت کی ٹیم مصروف ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) ایل آر کمار نے بتایا کہ مرنے والے ایک ہی خاندان کے لوگ ہیں جن میں تین بچے، ایک خاتون اور تین مرد شامل ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ملحقہ فیکٹری سے تیزاب کا رواؤ ہوا تھا جس کی وجہ سے گیس پھیل گئی اور حادثہ پیش آیا۔ ماہرین کی ٹیم موقع پر پہنچ رہی ہے۔ فیکٹری سے ابہت زیاد زیادہ بدبو اور گیس کے اخراج کی وجہ سے جانچ میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اسی دوران لکھنؤ سے بھی ماہرین کی ایک ٹیم سیتا پور کے لئے روانہ ہو گئی ہے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کے افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔