علی گڑھ۔ :علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کی جانب سے کینسر ڈے منایا گیا۔ ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج کے اورل و میکسیلوفیشیئل سرجری شعبہ میں توسیعی خطبہ پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر انشومان کمار (ڈائرکٹر، دھرم شِلا کینسر اسپتال) نے منھ میں ہونے والے کینسر کے سماجی و طبی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
انھوں نے کہاکہ ابتدائی مرحلے میں ہی اگر کینسر کی شناخت ہوجائے تو علاج آسان ہوجاتا ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے عوامی سطح پر بیداری پر زور دیا۔ ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری، صدر شعبہ پروفیسر ایس ایس احمد، ڈاکٹر جی ایس ہاشمی، ڈاکٹر صائمہ یونس خاں اور دیگر اساتذہ اور طلبہ و طالبات اس موقع پر موجود تھے۔
دوسری طرف کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے تحت اربن ہیلتھ ٹریننگ سنٹر کی جانب سے بیداری پروگراموں کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاکٹروں کی ٹیم نے چاند باغ اور ایچ آئی انٹر کالج میں صدر شعبہ پروفیسر انیس احمد کی رہنمائی میں بیداری پروگرام منعقد کیا۔
ڈاکٹر صبوحی افضل اور ڈاکٹر علی جعفر عابدی کی نگرانی میں ایک بیداری سیشن بھی ہوا۔ بیداری پروگراموں میں اساتذہ، جونیئر ریزیڈنٹس، ہیلتھ انسپکٹر وغیرہ نے تعاون کیا۔