کولمبو ۔سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز تلک رتنے دلشان کی انگلی کی چوٹ کی وجہ سے آئندہ ایشیا کپ میں کھیلنا مشکل ہے۔ چوٹ کی وجہ سے وہ بنگلہ دیش کے دورے کے باقی میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ سری لنکا کرکٹ نے کہا کہ وہ آج وطن واپس لوٹ جائیں گے۔ دلشان کو 25 فروری سے شروع ہو رہے ایشیا کپ سے باہر رہنا پڑ سکتا ہے کیونکہ سلیکٹر 16 مارچ سے شروع ہو رہے ٹی 20 ورلڈ کپ سے
پہلے ان کے حوالہ سے خطرہ نہیں لینا چاہیں گے۔ مڈل آرڈر کے بلے باز لاہیرو ترمننا ٹیم میں ان کی جگہ لیں گے۔ دلشان کو کل دوسرے ون ڈے کے دوران چوٹ لگی۔ وہ سری لنکا کے ان کھلاڑیوں میں سے ہے جو آئی پی ایل نیلامی میں فروخت نہیں ہو سکے تھے۔ وہیںدوسری جانب سری لنکا کرکٹ ٹیم کے اسٹار وکٹ کیپر بیٹسمین کمار سنگاکارا نے بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے میچوں میں ہزار رن مکمل کر لئے۔ وہ سنتھ جے سوریا کے بعد یہ کارنامہ سر انجام دینے والے دوسرے سری لنکن بن گئے ہیں۔ جمعرات کو دوسرے ایک روزہ میچ میں کمار سنگاکارا نے شاندار سنچری مکمل کی۔ یہ ان کے کیریئر کی سترہویں سنچری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سنگاکارا نے 128 رن کی دلکش اننگز کھیل کر بنگلہ دیش کے خلاف کیریئر کے ہزار رن کے ہندسے کو بھی عبور کیا، انہوں نے 29 میچ کھیل کر 1099 رن بنا رکھے ہیں۔ وہ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے میں زیادہ رن بنانے والے سری لنکن بیٹسمین بھی بن گئے۔ سنتھ جے سوریا نے 22 میچوں میں 1030 رن بنا رکھے تھے۔