نئی دہلی، 13 فروری (یواین آئی) سپریم کورٹ نے نربھیا کے قصورواروں کو انفرادی پھانسی دینے کی مرکز اور دہلی حکومت کی خصوصی اجازت والی عرضی پر سماعت جمعہ تک کے لئے ٹال دی ہے۔
جسٹس آر بھانومتی، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس بوپنا کی بنچ نے مرکز اور دہلی حکومت کی اپیل پر سماعت کل تک کے لئے ملتوی کردی۔
عدالت کو یہ سماعت اس وقت ملتوی کرنی پڑی جب اس سے کہا گیا کہ نربھیا کے گنہگاروں میں سے ایک پون نے نوٹس کا جواب نہیں دیا ہے۔
اس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ شام 2:00 بجے تک کیلئے ٹالتے ہوئے سینئر وکیل انجنا پرکاش کو’نیائے متر‘ مقرر کیا۔
مرکزی حکومت نے اپنی درخواست میں ہائی کورٹ کے اس فیصلہ کو چیلنج کیا ہے جس میں اس نے کہا ہے کہ چاروں قصورواروں کو ا الگ الگ پھانسی نہیں ہو سکتی۔
قابل غور ہے کہ دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کو اپنے فیصلے میں کہا تھاکہ نربھیا کے چاروں قصورواروں کو الگ الگ اوقات پر پھانسی نہیں دی جا سکتی جبکہ مرکزی حکومت نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ جن قصورواروں کی عرضی کسی بھی فورم میں زیر التوا نہیں ہے ، انہیں پھانسی پر لٹکایا جائے۔ ایک مجرم کی درخواست زیر التوا ہونے سے دوسرے قصورواروں کو راحت نہیں دی جا سکتی۔