لکھنؤ: دختر رسول ؐشہزادی کونین کی ولادت کی خوشی میں جمعہ کو شہر کےمختلف امام باڑوں، روضوں اور مساجد میں محفل و میلاد کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر عقیدت مندوں نے دستر خوان پر طرح طرح کے پکوان، پھل ، میوے اور مٹھائیوںپر دختر رسولؐ کی نذر دلائی۔ سعادت گنج واقع روضہ کاظمین، اکبر ی گیٹ واقع امام باڑہ جنت مآب، دوبگاواقع حوزہ علمیہ ابوطالب سمیت دیگرمقامات پر محافل کا انعقادکیا گیا۔
روضہ کاظمین میں ادارہ خادمان بتول کی جانب سے محفل جشن زہرا کا انعقادکیا گیا۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے قاری ندیم نجفی نے کیا۔ محفل کومولانا عباس ارشاد نقوی اور مولانا غلام حسین زیدی صدف جونپوری نے خطاب کیا ۔ محفل کو خطاب کرتے ہوئے مولانا نے دختر رسولؐ کی عظمت اور مرتبہ بیان کیا۔
محفل کے بعد انور الہ آبادی، ڈاکٹر عنا اعظمی، فیاض رائے بریلوی، کامل بریلوی ، شعلہ جونپوری ، رضی بسوانی، روشن بنارسی، اعجاز زیدی، میثم زیدی، حبیب شاروی، انجم غدیری، ازہرموہانی، تجسس اعجازی، ذکی بھارتی، ہلال کاظمی سمیت دیگر نے اپنے کلام کا نذرانہ بنت رسولؐ کو پیش کیا۔محفل کی صدارت مولانا علی متقی زیدی اور عارف آغانے کی۔
اسی طرح دلداد علی غفران مآب فاؤنڈیشن کی جانب سے جشن شہزادی کونین کا انعقاد اکبری گیٹ واقع امام باڑہ جنت مآب میں کیاگیا۔ شام سات بجے تلاوت کلام پاک سے محفل کے آغاز کے بعد مولانا محمد مشرقین نے محفل کو خطاب کیااور شعرانے اپناکلام پیش کیا۔
وہیں دوبگا کے حوزہ علمیہ ابوطالب میں جشن بتول کا انعقادکیاگیا۔ شام میں ہوئی محفل کومولانا نفیس اخترنے خطاب کیااور شعراء نے اپنے کلام کا نذرانہ شہزادی کونین کو پیش کیا۔ وہیں عقیدت مندوں نے اپنے گھر، امام باڑوں اور روضوں میں نذرونیاز کا انعقادکیا۔ مصاحب گنج واقع مدرسہ جامعۃ التبلیغ میں مولانا مرزا جعفر عباس کی جانب سے دستر خوان پر دختر رسولؐ کی نذر دلائی گئی۔ مغرب کی نماز کے بعد ہوئی نذر میں بڑی تعدادمیں علماو معزز شہریوںکے ساتھ ہی مدارس کے طلبا نے حصہ لیا۔ وہیں آل انڈیا شیعہ پرسنل لاء بورڈ کے ترجمان مولانا یعسوب عباس کی جانب سے سنیچرکو نخا س چوراہا واقع اودھ پوائنٹ پر شام ساڑھے سات بجے نذرکا انعقادکیاجائے گا۔
lدستر خوان کی نذر ۱۷کو:- دوسرے امام حضرت حسن مجتبیٰ کی یاد میں دو شنبہ کو امام حسن کے دستر خوان کی نذر دلائی جائے گی۔ شام کو مغرب کی نماز کےبعد ہونے والی نذرمیں عقیدت مند طرح طرح کے پکوان، پھل، میوے اور مٹھائیوںپر نذر دلائیں گے۔ اس موقع پر لوگ ایک دوسرے کے گھروںپر جاکر نذر چکھیں گے اور دعائیں مانگیںگے ۔