لکھنؤ:18 فروری(یواین آئی) اترپردیش کی یوگی حکومت نے انفرااسٹرکچر،سوشل سیکورٹی اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوزکرتے ہوئے منگل کو اسمبلی میں 5 لاکھ کروڑ کا چوتھا بجٹ پیش کیا۔
بجٹ گذشتہ سال کے مقابلے میں 33159 کروڑ روپئے زیادہ ہے۔
کسی قسم کے نئے ٹیکس کے اضافی بوجھ سے نجات دینے والے بجٹ میں 10967.87 کروڑ روپئے نئے پروجکٹوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ بجٹ پروگرام اور پالیسی سے عاری:اکھلیش
سماج واد ی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کو یوگی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے بجٹ کو پروگرام و پالیسی سے عاری بتایا۔
یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مالیاتی خاکہ پیش کرنے کے بعد سے ثابت ہوگیا ہے کہ حکومت کے پاس پالیسی اور پروگرام کی کمی ہےجس کی وجہ سے ریاستی عوام کو مسلسل دقتوں ومشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ایس پی سربراہ نے کہا کہ بجٹ میں نوجوانوں اور خواتین کی سیکورٹی کے لئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی ہے۔ بجٹ :صرف اعدادوشمار کی بازی گری:للو
اترپردیش اسمبلی میں منگل کو یوگی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے بجٹ پر اپنا تلخ تبصرہ کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو نے کہا کہ اعدادوشمار کی بازی گری میں ماہر یوگی حکومت نے نوجوانوں اور کسانوں کے ساتھ فریب کیا ہے۔
مسٹر للو نے کہا کہ گذشتہ دوسالوں کے اندر ریاست میں نوجوان بے روزگاروں کی تعداد 12.5 لاکھ تک بڑگئی ہے۔
بجٹ میں سبکدوش ٹیچروں کو ثانوی تعلیمی بورڈ میں نوکری دینے کا اعلان بے روزگار نوجواں کے ساتھ اعتماد شکنی ہے۔