لکھنؤ: یوپی بورڈ امتحان میں نقل پر روک لگانے کیلئے موبائل سے ہورہی مانیٹرنگ پر حکومت نے روک لگا دی ہے۔ محکمہ تعلیم کے اسپیشل سکریٹری نے سبھی ڈی آئی او ایس کو اس کیلئےحکم جاری کیا ہے۔ خط میں موبائل سے مانیٹرنگ کوغیر قانونی بتایا گیا ہے ۔
اسے فوراً روکنے کو کہاہے۔ دراصل زیادہ تعدادمیں موبائل سے مانیٹرنگ کئے جانے سے ضلع اور ریاستی سطح کے کنٹرول روم میں مانیٹرنگ میں رکاوٹ آرہی تھی۔یوپی بورڈامتحان کیلئے اس بار ریاست سطحی مانیٹرنگ سینٹر بنایا گیا ہے۔ پوری ریاست کے اضلاع میں بنے کنٹرول روم کو اس سے جوڑا گیا ہے۔
اس مانیٹرنگ سینٹرکے ذریعہ افسر پوری ریاست میں امتحان کے دوران سینٹر اور امتحان روم میں ہونےوالی سرگرمیوںپر نظر رکھ رہے ہیںاس سے نقل پر قابو پانے میں پوری طرح سے کامیابی مل رہی ہے۔
کئی امتحان مراکز کے پرنسپل اور منیجر اپنے موبائل کے ذریعہ مانیٹرنگ کر رہے تھے۔ اس سے کنٹرول روم اور ریاستی مانیٹرنگ سینٹر کے نیٹ ورک میں رکاوٹ پیدا ہو رہی تھی۔ اس رکاوٹ کی وجہ سے محکمہ ثانوی تعلیم کے اسپیشل سکریٹری راجیش کمار نے سبھی ڈی آئی او ایس کوبھیجے خط میں موبائل سے مانیٹرنگ کو ناجائز بتایا ہے اور اسے فوراً روکنے کوکہاہے۔
اسپیشل سکریٹری کا کہناہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے سے نقل کی مانیٹرنگ کیلئے ضلع اور ریاستی سطح پر کنٹرول روم بنائے گئے ہیں۔ انہوںنے موبائل سے ہورہی مانیٹرنگ فوراً رکواتے ہوئے اس ہدایت پر عمل درآمد سرٹیفکیٹ ای میل سے بھیجنے کو کہا ہے۔