نئی دہلی۔ شمال مشرقی دہلی میں شہریت ترمیمی ایکٹ کی مخالفت اور موافقت کرنے والوں میں آج پھر تصادم ہوا اور ایک دوسرے پر پتھراؤ کے واقعات کے دوران جعفرآباد اور موج پور علاقوں میں کم سے کم دو مکانات اور ایک دمکل گاڑی کو آگ لگا دینے کی اطلاع ملی ہے۔
دہلی کے گوکل پوری تھانہ علاقے کے موج پور علاقے میں جاری احتجاجی مظاہرہ کے درمیان پتھر بازی میں زخمی ہوئے ایک پولیس کانسٹیبل کی موت ہو گئی۔ مہلوک پولیس اہلکار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل رتن لال کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں، شاہدرہ کے ڈی سی پی امت شرما کے بھی زخمی ہونے کی خبر ہے۔
ایک سے زیادہ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کیلئے نیم فوجی دستوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔ حالات کی شدت کے پیش نظر دہلی میٹرو نے جعفرآباد اور موج پور- بابر پور اسٹیشنوں کو بند کر دیا ہے۔ ان اسٹیشنوں پر ٹرینیں نہیں روکی جائیں گی۔
چاند باغ میں بھی تشدد برپا ہونے کی اطلاع ملی ہے جو جعفرآباد کا علاقہ ہے ۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے مبینہ طور پر آنسو گیس کے گولے داغے اور لاٹھی چارج کیا۔ جعفرآباد کے قریب کل شام سے ہی فضا کشیدہ تھی جہاں ترمیم شدہ شہریت ایکٹ کی مخالفت اور موافقت کرنے والوں کے مابین جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔