نئی دہلی،25فروری(یواین آئی)شمال مشرقی دہلی کے موج پور اور برہم پوری علاقوں میں منگل کی صبح پھر پتھراؤ ہوا اور تشدد میں مرنے والوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔
جعفرآباد اور موج پور میں پیر کو شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)کے خلاف اور حمایت میں مظاہروں کے درمیان ہوئی پُر تشدد جھڑپوں میں دہلی پولیس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل کی موت ہوگئی ہے اور ڈپٹی کمشنر سمیت کئی لوگ زخمی ہوگئے۔شمال مشرقی دہلی میں اتوار کو شروع ہوئے مظاہروں کے بعد ہوئے تشدد میں اب تک ہیڈ کانسٹیبل سمیت پانچ لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔
چاند باغ اور بھجن پورا علاقوں میں سی اےاے کی مخالفت کرنے والوں اور اس قانون کی حمایت کرنے والوں پر پتھراؤ کیا اوراس دوران کئی مکانوں،دکانوں اور گاڑیوں میں آگ لگا دی گئی۔اس دوران پولیس نے تشدد کرنے والے لوگوں کو تتربتر کرنےکےلئے آنسوں گیس کے گولے داغے اور لاٹھی چارج کی۔
پولیس کے مطابق کل ہوئے تشدد میں ہیڈ کانسٹیبل رتن لال کی موت ہوگئی ہے اور پولیس ڈپٹی کمشنر امت شرما سمیت کئی پولیس اہلکار زخمی ہیں۔متاثرہ علاقوں میں سی آر پی سی کی دفعہ144 لگا دی گئی ہے۔