لکھنؤ ۔ ( نامہ نگار) مانگ نگر علاقہ میں آج صبح ایک سائیکل سوار باپ بیٹے کو ٹرک نے ٹکر مار دی اس حادثہ میں باپ کی موت ہوگئی جبکہ اس کا بیٹا معمولی طور سے زخمی ہوگیا اس کے علاوہ اٹونجہ علاقے میں ہوئے حادثہ میں ماموں بھانجے کی موت ہوگئی ۔ وہیں وبھوتی کھنڈ علاقے میں ہوئے حادثہ میں زخمی ٹرک ڈرائیور کی بھی دوران علاج موت ہوگئی ۔
بنتھر اکے کھٹولہ گائوں کے نند لال جمعہ کی صبح اپنے مالک ساٹھ سالہ میکو لال کے ساتھ سائیکل سے عالم باغ لیکھ پال سے ملنے کیلئے جارہا تھا ۔بتایاجاتا ہے کہ دو نوں باپ بیٹے جب بارہ بروا چوراہے کے آگے اودھ اسپتال کے نزدیک پہونچے تو پیچھے سے آرہے ایک تیز رفتار ٹرک نے ان کی سائیکل میں زور دار ٹکر مار دی ۔ اس حادثہ میں میکو لال کو سنگین چوٹ آئی جبکہ نند لال کو معمولی چوٹ لگی ۔ اطلاع ملنے پر پہونچی پولیس نے دونوں کو اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے میکو لال کو مردہ قرار دے دیا ۔ تفتیش کے بعد پولیس نے میکو لال کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا وہیں اٹونجہ کے بینا ٹکر گائوں کے پریم چندر کا بیٹا اٹھارہ سالہ سو
رج شیو پوری گائوں میں رہنے والے اپنے ماموں بائیس سالہ سندیپ کے ساتھ جمعرات کو موٹر سائیکل سے کمہراواں واقع پٹرول پمپ پٹرول بھروانے گیا تھا۔ دونوں لوگ پٹرول بھروا کر پمپ سے نکلے کہ اسی درمیان سیتا پور کی طرف جانے والے ٹرک نے ٹکر مار دی ۔ دونوں لوگ سڑک پر گر پڑے ٹرک کا پہیہ ان کے اوپر چڑھ گیا جس سے دونوں لوگ شدیدطور سے زخمی ہوگئے ۔ مقامی لوگوں نے ٹرک کو گھیر لیا اس درمیان ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔پولیس کی مدد سے دونوں کو ٹراما سینٹر میں بھرتی کرایا گیا جہاں دوران علاج دونوں کی موت ہوگئی ۔پولیس نے سندیپ کے موبائل فون سے اس کی شناخت کی ۔بتایاجا رہا ہے کہ سندیپ کی شادی کیلئے اندرا گائوں میں ایک لڑکی کو دیکھنے کیلئے پورا کنبہ گیا ہوا تھا ۔ اس کے علاوہ وبھوتی کھنڈ واقع شہید پتھ پر چودہ فروری کو کانپور سے گورکھپور جارہا ٹرک ایک دوسرے ٹرک سے ٹکرا گیا اس حادثہ میں گورکھپور کے شاہ پور کے سہجنوا کا رہنے والا ڈرائیور سریش چندر یادو شدید طور سے زخمی ہوگیا تھا ۔پولیس نے اسے ٹراما سینٹر میں بھرتی کرایا جہاں دوران علاج اس کی موت ہوگئی ۔