لکھنؤ(بیورو)ریاستی گورنر بی ایل جوشی اور وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے راج بھون کیمپس میں منعقد دو روزہ ریاستی پھل، سبزی و پھولوں کی نمائش ۲۰۱۴ء کا مشترکہ طور سے افتتاح کیا۔ اس کے بعد گورنر اور وزیر اعلیٰ نے نمائش میں لگے مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر گورنر اوروزیر اعلیٰ نے میگزین کابھی اجراء کیا۔ گورنر نے نمائش میں حصہ لینے والوںکو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی وہ اسی جوش کے ساتھ نمائش میں شامل ہوںگے۔
اس موقع پر وزیراعلی نے بتایا کہ اترپردیش میں تقریباً ۹۰فیص
د کسانوں کی مالی حالت اور تحفظ کیلئے باغبانی فصلیں مناسب متبادل ہیں۔ اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے باغبانی ترقیات کو ریاست کے ترقیاتی ایجنڈہ میں شامل کیا ہے۔ اس کی اہمیت کے پیش نظر گورنر ہاؤس کیمپس میں صوبائی پھل، سبزی اور پھول نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ ریاست کے باغبان، کسان، سخت محنت سے صنعتی فصلوں کی پیداوار مختلف اقسام کے پروڈکٹس کی نمائش کر کے عوام کومستفید کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش کاشتکاروں کو اپنے پروڈکٹس پیش کرنے کیلئے اہم موقع فراہم کرتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گرین ہاؤس میں بے موسمی سبزی اور پھولوں کی پیداوار کر کے زیادہ فائدہ حاصل کیاجاسکتا ہے۔ اس پر حکومت کی جانب سے ۵۰فیصد گرانٹ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس قدم سے کاشتکاروں اور صنعت کاروں کو فائدہ حاصل ہونے کے ساتھ ہی ریاست کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوںگے۔ پروگرام کو وزیرباغبانی و پروسیسنگ پارس ناتھ یادو نے بھی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ریاست میں باغبانی کو فروغ دینے کے مقصد سے اس نمائش کا انعقاد کیاجاتا ہے۔ اس موقع پر وزیر جیل راجندر چودھری، پرنسپل سکریٹری محکمہ باغبانی اور حکومت و انتظامیہ کے سینئر افسر موجود تھے۔