لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادونے آج کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں ریاستی حکومت نے عوام کے خزانے کا پیسہ عوام کو واپس کرنے کے مقصد سے متعد
د اسکیمیں شروع کی ہیں۔ کنیا ودیا دھن، ہماری بیٹی اس کا کل، بے روزگاری بھتہ اور مفت لیپ ٹاپ تقسیم اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کو خوشحالی اور ترقی کی جانب لے جانا چاہتی ہے۔ حکومت نے گذشتہ دو برسوں میں ریاست کی ترقی کیلئے جتنا کام کیا ہے دیگر کسی حکومت نے پانچ برسوں میںبھی نہیں کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ آج یہاں سنگیت ناٹک اکادمی میں مسلم دانشوروں کے ایک سمینار کو خطاب کررہے تھے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت اقلیتی طبقے کے مفاد کیلئے پُر عزم ہے۔ انہوں نے مظفر نگر کے واقعات کو افسوس ناک بتاتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے اس کو روکنے کیلئے فوری طور سے موثر قدم اٹھائے ۔ فساد کو کنٹرول کرنے کیلئے فوج طلب کرنے میںبھی تاخیر نہیں کی گئی۔ فساد کے بعد متاثرین کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرائی گئی۔ متاثرہ کنبوں کو ملازمتیں دی گئیں انہوں نے کہا کہ حقوق انسانی کمیشن بھی مظفر نگر میں ریاستی حکومت کی کوششوںسے مطمئن ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ اگر تعلیم ، علاج و معالجہ اور بنیادی ضرورتوں سے متعلق سہولتیں عوام کو فراہم کرا دی جائیںتو ترقی اور خوشحالی خود بخود آجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ان ہی مقاصد کو لے کر ترقیاتی کاموں کو فروغ دے رہی ہے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ مئو، اعظم گڑھ اور امبیڈکر نگر جیسے بنکراکثریتی اضلاع میں بغیر کسی رکاوٹ کے بجلی فراہمی کیلئے بندوبست میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ مئو اور اعظم گڑھ کے بارے میں فیصلہ کیا جاچکا ہے جبکہ امبیڈکر نگر کے سلسلہ میں جلد ہی فیصلہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت بنکروں ، زردوزی اورچکن کا کام کرنے والوں کے مسائل کو سمجھتی ہے اور ان کیلئے بہتر سہولتوں کا بندوبست کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دست کاری کے شعبہ میں کام کرنے والوں کیلئے لکھنؤ میں بین الاقوامی سطح کا ایک مارکیٹنگ ہب ۳۰؍ایکڑ آراضی میں قائم کئے جانے کا منصوبہ ہے جہاں پردستکاراپنے فن کی نمائش اور کاروبار مفت کر سکیںگے۔ مئو میںبھی ایک ایسا ہی مارکیٹنگ ہب قائم کرنے کامنصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستکاری کے شعبہ میں کام کرنے والے کاریگروں کے مسائل کے حل کیلئے کام کیاجائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انٹر پاس طلباء کو لیپ ٹاپ کی تقسیم سے ریاست کا کوئی گاؤں یا محلہ ایسا نہیں بچا جہاں لیپ ٹاپ نہ پہنچ گیا ہو۔ اس موقع پر انہوں نے میگزین ’آئینہ-۱۴-۲۰۱۳‘ کا اجراء بھی کیا۔ ریاستی وزیر صحت و کنبہ بہبود احمد حسن نے سیمینار کو تاریخی بتاتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت میں جو بھی کام ہوا ہے و ہ وزیراعلیٰ کی تحریک اور تعاون سے ہی ہوا ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ آنے والے تین برسوں میں ریاست بہت ترقی کرے گی۔ اس موقع پر وزیر جیل راجندر چودھری، سنگیت ناٹک اکادمی کے صدر نوید صدیقی، رکن اسمبلی عظیم الحق ، مئو نگر پالیکا کی چیئر مین مسز شاہنہ ارشد جمال، محمد حسن ڈگری کالج جونپور کے پرنسپل عبدالقادر اور دیگر مسلم دانشور و عوامی نمائندے موجودتھے۔