لکھنؤ(نامہ نگار)ناکہ علاقہ میں جمعہ کی دیر رات پائریٹیڈ سی ڈی کاکاروبار کرنے والے ۱۴؍افراد کے قبضے سے پولیس نے ۶۳۰کاپی رائٹر مشین ، ۳۵یو پی ایس، فلموں کے لاکھوں ریپر، پائریٹیڈ سی ڈی اور فحش فلموں کی سی ڈی برآمد کی ہیں۔
سرویلانس سیل انچارج وکاس پانڈے نے بتایا کہ کل دیر رات پولیس نے ہائی وے فلم کی پائریٹیڈ سی ڈی بنائے جانے کی اطلاع پر ناکہ کی کلو مارکیٹ، تیواری مارکیٹ، مدان مارکیٹ، رنکو کے گھر اور ہرجیت کے مکان سے ۱۴؍افراد عالم باغ کا امت، بجرنگ بلی، انکت سکسینہ، آشیانہ کا گووند، ناکہ کا موہن، سندیپ، دیپک، پرم جیت، راکیش، تالکٹورہ کا لکی گپتا، بازار کھالہ کا وکاس مدن، پیلی بھیت کا دنیش
بھگوان اورمان سنگھ کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے دیر رات چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے ۶۳۰کاپی رائٹر، ایل لیپ ٹاپ، ٹی وی، ڈی وی ڈی، ۳۵یو پی ایس، فلموں کے ریپر، فلموں کی پائریٹیڈ سی ڈی اورفحش فلموں کی سی ڈی برآمد کیں۔ پوچھ گچھ کے دوران پکڑے گئے ملزمان نے بتایا کہ فلم کے ریلیز ہوتے ہی ان لوگوں کو کسی نہ کسی طریقے سے فلم کی ایک ماسٹر سی ڈی مل جاتی ہے اس کے بعد یہ لوگ کاپی رائٹر کی مدد سے ماسٹر سی ڈی سے لاکھوں کی تعداد میں پائریٹیڈ سی ڈی تیار کر کے بازار میں فروخت کر دیا کرتے تھے۔ پائریٹیڈ سی ڈی کے اس کاروبار سے سب سے زیادہ تفریحی ٹیکس کا نقصان ہوتا ہے۔