نئی دہلی، 28فروری (یو این آئی) جواہر نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر کنہیا کمار کی مشکلات میں اب اضافہ ہوجائے گا۔ دہلی میں اروند کیجریول حکومت نے اب ان کے خلاف غداری کے معاملہ میں مقدمہ چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے امیدوار کے طورپر گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں بہار کے بیگو سرائے سیٹ سے الیکشن لڑچکے کنہیا کمار پر غداری کا معاملہ چلانے پر کیجریوال حکومت کی طرف سے اجازت نہیں دینے پر گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بھی بہت ہنگامہ مچا تھا۔
کنہیا کمار پر غداری کا مقدمہ چلانے کی اجازت دینے سے متعلق فائل دہلی حکومت کے محکمہ داخلہ کے پاس پڑی ہوئی تھی۔ کنہیا پر 2016کے فروری مہینہ میں جے این یو کمپلکس میں لگے ہندستان مخالف نعروں اور نفرت پھیلانے کے الزام میں دہلی پولیس نے تقریباََ ایک برس پہلے ہی فردجرم داخل کردی تھی۔ پولیس نے کمار پر غداری سمیت آٹھ دفعات لگائی ہیں۔