سہاول؍فیض آباد۔(نامہ نامہ نگار)۔ اتوار کی صبح روناہی تھانہ کے کوتوال جتیندر سنگھ، ایس ایس آئی شرون دیویدی، ایس آئی، ونود یادو، کانسٹیبل رام پرتاپ، حیدر علی نے کھیرونی موضع کے کالی پوروا موڑ پر ردولی سے کالی پوروا آرہی پک اپ پر لدی تین ڈرم شراب برآمد کی۔ناجائز شراب کا کاروبار کرنے والا پولیس کی
گھیرا بندی دیکھ کر اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ موقع پر پک اپ کا ڈرائیور تین ڈرم شراب کے ساتھ پکڑا گیا۔ پولیس نے شراب کا ناجائز کاروبار کرنے والے کی موٹر سائیکل کو قبضہ میں لے لیا ہے۔اس سلسلہ میں تھانہ میں مقدمہ درج کیاگیا ہے۔تھانہ روناہی انچارج جتیندر سنگھ نے بتایا کہ ردولی سے صبح کھیرونی موضع کے کالا پوروا میں ایک پک اپ سے الکوہل آنے کی اطلاع ملی تو تھانہ کے ایس ایس آئی شرون دیویدی ، ایس آئی ونود یادو،سپاہی رام پرساد، حیدر علی خود کالی پوروا جانے والی سڑک پر نگرانی کرنے لگے۔ صبح تقریباً پانچ بجے ایک سفید رنگ کی پک اپ آتی دکھائی دی۔ گاڑی کے پیچھے پیچھے ایک موٹر سائیکل سوار بھی آرہا تھا جو ناجائز شراب کا کاروبار کرنے والا تھا۔پولیس کو دیکھ کر وہ اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس اہلکاروں نے جب گھیرا بندی کر کے الکحل لدی پک اپ پکڑی تو اس کا بھی ڈرائیور فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا لیکن پولیس والوں نے اسے گرفتار کر لیا۔ ڈرائیور نے اپنا نام وائس ولد ارمان موضع کولہ بتایا۔ ناجائز شراب تین ڈرموں سے بھری تھی ۔