نئی دہلی ،4 مارچ؛چین کےصوبہ ہوبئی کے دارالحکومت ووہان سے شروع ہوئے مہلک کورونا وائرس کی زد میں آکر دنیا کے 70 ممالک میں اب تک 3173 سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے اور تقریبا 92533 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں ۔ کورونا وائرس کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور یہ وائرس یورپ کے کئی ممالک سمیت 70 ممالک میں پھیل چکا ہے ۔
پوری دنیا میں کورونا کے انفیکشن سے متاثر لوگوں میں سے اب تک تقریبا 50 ہزار لوگوں کو اس سے نجات دلائی گئی ہے ۔ ہندوستان میں پیر کے روز دو مزید کورونا وائرس کے معاملوں کی تصدیق ہونے کے سااتھ ہی اب تک ’ كووڈ -19‘ کے پانچ معاملوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔وزارت صحت نے بتایا کہ دہلی میں ایک مریض میں کورونا وائرس انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے ۔ وہ گزشتہ دنوں اٹلی سے ہوکر آئے تھا ۔ ایک دوسرے معاملے میں تلنگانہ میں ایک مریض کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہے جو دبئی سے واپس لوٹ کر آیا تھا ۔ دونوں کو ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔
اس سے پہلے تین معاملے کیر الہ میں سامنے آئے تھے ۔ ڈبلیو ایچ او اور چین کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار کی گئی ایک اور رپورٹ کے مطابق اس وائرس سے بزرگوں کے بمقابلہ نوجوان نسل کے لوگ کم تعداد میں متاثرہ ہوئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق صرف 2.4 فیصد 18 سال یا اس سے کم عمر کے لوگ متاثر تھے ۔ مہلک کورونا وائرس کے قہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ نے اس متعدی مرض کو روکنے کے لئے ایک کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر ا مداد کی پیشکش کی ہے ۔ اس فنڈ کا استعمال بالخصوص کمزور طبی نظام والے کمزور ممالک میں کیا جائے گا ۔ فی الحال متاثرہ افراد کی مجموعی طور پر تعداد سرکاری رپورٹوں سے کافی زیادہ ہونے کا امکان ہے اور اس وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے چین میں 2981، جنوبی کوریا میں 31، ایران میں 77، اٹلی میں 52، جاپان میں چھ، فرانس میں چار، سپین میں ایک اور امریکہ میں چھ افراد کی موت ہو گئی ہے۔