بھوپال، 5 مارچ ( یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر نروتم مشرا نے آج پھر کہا کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کی دھمکی سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ مسٹر مشرا نے یہاں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ریاستی حکومت نے ان کے خلاف کارروائی کرنے کی پہلے بھی کوششیں کی ، لیکن وہ ڈرنے والے نہیں ہے ۔
حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں ۔ کاروائی ہم پر ہوئی، تو دوسرے لوگوں پر بھی ہوگی۔مسٹر مشرا نے دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی کانگریس حکومت میں افراتفری کی صورت حال ہے ۔ وہ صورت حال پر قابو نہیں پا رہے ہیں ۔ کب کیا ہو جائے، کس کو کیا خبر ۔ سینئر کانگریس لیڈر جیوترادتیہ سندھیا کی مبینہ خاموشی کے تعلق سے پوچھے جانے پر مسٹر مشرا نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ اس میں کوئی راز ہے ۔
راز سے پردہ اٹھنے کا انتظار کرنا چاہئے ۔ سینئر بی جے پی لیڈر نے آج پھر دہرایا کہ 15 سے 20 کانگریس اراکین اسمبلی ان کے رابطے میں ہیں ۔لیکن وہ ان کے نام نہیں بتائیں گے ۔ مسٹر مشرا نے کہا کہ وہ تیرہ سال تک پارلیمانی امور کے وزیر رہے ہیں ۔
برسوں سے ایوان کے رکن ہیں، اس لئے تمام دوستوں سے ان کے تعلقات اور رابطے ہیں ۔ وہ اپنے سکھ دکھ کی باتیں بھی کرتے رہتے ہیں ۔ ایک مزید سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کہا کہ بی جے پی رکن ِ اسمبلی نارائن ترپاٹھی بھی ہمارے ساتھ ہیں ۔ گزشتہ روز ہی ان سے ہماری بات ہوئی ہے ۔دراصل مسٹر ترپاٹھی اور ایک اور بی جے پی رکن اسمبلی شرد کول کئی بار کانگریس کو حمایت کی بات کر چکے ہیں ۔ ان دونوں اراکین اسمبلی نے ایک موقع پر ایوان میں حکمراں پارٹی کانگریس کے حق میں بھی ووٹ دیا تھا۔