نئی دہلی، 8 مارچ (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اتوار کی صبح اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ سات خواتین کے ہاتھوں میں سونپ دیا، جو اپنی زندگی سے جڑے یادگار لمحوں کو شیئر کریں گی۔
مسٹر مودی نے ٹوئٹ کیا’’بین الاقوامی یوم خواتین پر مبارکباد۔ ہم ’عورتوں کی طاقت‘ کا احساس اور کامیابیوں کو سلام کرتے ہیں،جیسا کہ میں نے کچھ دن پہلے کہا تھا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر میں سوشل میڈیا سے دور رہوں گا۔ آج دن بھر سات خواتین اپنی زندگی سے جڑے یادگار لمحوں کو شیئر کریں گی اور سوشل میڈیا اکاونٹس کے ذریعے بات چیت کریں گی‘‘۔
وزیر اعظم نے دو مارچ کو سوشل میڈیا چھوڑنے کے حوالہ سے ٹویٹ کیا تھا۔ مسٹر مودی نے لکھا تھا’’اس اتوار کو میں اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس- فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام، یو ٹیوب چھوڑنے پر غور کر رہا ہوں۔ آپ کو اس بارے میں معلومات دوں گا‘‘۔ جس کے بعد اگلے دن وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ خواتین کے عالمی دن کو خاص بنانے کے لئے وہ اس ویمنز ڈے پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایسی خواتین کو سو نپیں گے جن کی زندگی اور کام ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ۔ اس سے انہیں لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنے میں مدد ملے گی۔
قابل غور ہے کہ وزیر اعظم کے فیس بک پیج پر 44،723،734 لا ئیکس ہیں جبکہ ٹوئٹر پر انہیں 5 کروڑ 30 لاکھ لوگ فالو کرتے ہیں۔ مسٹر مودی کو انسٹاگرام پر تین کروڑ 52 لاکھ لوگ فالو کرتے ہیں اور یو ٹیوب پر ان کے چار کروڑ 51 لاکھ سبسكرائبرس ہیں۔