مانچسٹر: اس وقت سوشل میڈیا اور انسٹا گرام پر ایک خاتون میک اپ آرٹسٹ کا چرچا ہے جو خود تو خواتین کو سجاتی اور سنوارتی ہیں لیکن اپنے چہرے پر گزشتہ دو برس سے نیلا رنگے لگائے ہوئے ہیں اور وہ اس سے اطمینان محسوس کرتی ہیں۔
ہورائی لائی بریڈفورڈ کی رہائشی میک اپ آرٹسٹ ہیں اور روزانہ اپنے چہرے پر نیلا رنگ کرتی ہیں۔ 28 سالہ خاتون کو ہمیشہ خبروں میں رہنے کا شوق ہے اور 2013ء میں انہیں دنیا بھر میں پذیرائی ملی جب لوگوں نے انہیں زندہ باربی ڈول کا خطاب دیا کیونکہ انہوں نے بے تحاشا رقم خرچ کرکے خود کو گڑیا کے روپ میں ڈھالا تھا۔
ایسا یوں ہوا کہ دو سال قبل اچانک انہیں خیال آیا کہ نیلا رنگ ان کے چہرے پر بہت بھلا لگتا ہے اس کے بعد انہوں نے اپنے چہرے اور ہاتھوں کو نیلا کرنا شروع کردیا۔
ہورائی کو ٹیٹو سے الرجی ہوتی ہے اور اس کے بجائے وہ روزانہ اپنے چہرے اور ہاتھوں پر نیلا رنگ کرتی ہیں جس پر صرف 13 ڈالر ماہانہ خرچ ہوتے ہیں لیکن وہ اب بھی کوشش کررہی ہیں کہ کسی طرح اپنے چہرے اور ہاتھوں کو مستقل طور پر نیلا کرسکیں۔
ہورائی لائی جب ففتھ ایلیمنٹ، زورا اور لیجنڈ آف زیلڈا جیسی سائنس فکشن فلموں میں خلائی مخلوق کی طرح دکھائی دینے والے نیلے پیلے انسانوں سے متاثر ہوئیں تو ان کے دل میں بھی اپنی رنگت بدلنے کا شوق چرایا۔ اب وہ اپنی نیلی رنگت سے بہت خوش ہیں اور چاہتی ہیں کہ پوری زندگی اسی روپ میں رہیں۔
ہورائی کہتی ہیں کہ وہ نیلی رنگت میں خود کو کسی خلائی جہاز میں محسوس کرتی ہیں اور نیلی رنگت قدرتی جلد سے 10 گنا بہتر ہے۔