جونپور:14 مارچ(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع جونپور کے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کے حکم پر مچھلی شہر کے تحصیل دار،نائب تحصیل دار سمیت 19 ملزمین کے خلاف لوٹ پاٹ،مارپیٹ سمیت دیگر دفعات میں مقدمہ درج ہوا ہے ۔
آفیشیل ذرائع نے سنیچر کو بتایا کہ منگرابادشاہ پور تھانہ علاقے کے رامپور بھوڑی باشندہ پھول چند یادو نے عدالت میں تحریر دی تھی کہ اس کے گاؤں راج منی سے اراضی کے سلسلے میں تنازع ہے جس کے ضمن میں ایس ڈی ایم مچھلی شہر کے عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے
۔28 دسمبر کو مچھلی شہر کے تحصیل دار سنتوش سونکر اور نائب تحصیل دار کرشنا راج سنگھ گنگا تیواری کے ساتھ رام سنیہی،اشوک،پرمود،راج منی لاٹھی،چاقو،گڑاسی اور جلتی مشعل لے کر مدعی کے دروازے پر گالیاں دیتے ہوئے چڑھ آئے اور زمین پر قبضہ کرنے لگے ۔
کنبہ والوں کی جانب سے مخالف کرنے پر ملزمین نے اسے و اس کے کنبہ والوں کو مارپیٹ کر لہولہان کردیا اور گھر کا سارا سامان توڑ پھوڑ دیا۔ ماں کو جلتی مشعل سے جلا دیا جبکہ خواتین کے زیورت لوٹ لئے اور ان کے ساتھ نازیبا حرکت کی۔
چیف جوڈیشیل افسر انجنی کمار سنگھ نے سردست سنگین معاملہ گردانتے ہوئے تحصیل دار اور دیگر ملزمین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔ عدالت کے فیصلے کے بعد جمعہ کو تھانے میں مقدمہ درج ہوا اور کل ہی دیر رات ڈی ایم دنیش کمار سنگھ نے مچھلی شہر کے تحصیل دار سنتوش سونکر کو اپنے دفتر سے وابستہ کردیا ہے ۔