نئی دہلی: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس)کی بنگلور میں ہونے والی سہ روزہ‘ اکھل بھارتیہ پرتی ندھی سبھا’کی سالانہ میٹنگ کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی ہے ۔
آر ایس ایس کے سر کاریہ واہک سریش بھیا جی جوشی نے یہاں ٹوئٹر پر بتایا کہ ‘‘وبا کووڈ -19 خطرے کے پیش نظر ، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ہدایات اور مشاورت کی روشنی میں بنگلور میں ہونے والی پرتی ندھی سبھا کی میٹنگ ملتوی کی جاتی ہے ’’۔مسٹر جوشی نے تمام سویم سیوکوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بیداری لانے اور اس چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے سرکاراور انتظامیہ کا تعاون کریں۔
خیال رہے آر ایس ایس کی اعلیٰ فیصلہ ساز تنظیم ‘ اکھل بھارتیہ پرتی ندھی سبھا ’کی سالانہ میٹنگ بنگلور میں 17-15 مارچ کو ہونی تھی۔
جس میں بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا اورتنظیم کے جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش کو بھی شریک ہونا تھا۔پرتی ندھی سبھا کے ‘اجلاسِ دانش’ میں دہلی کے حالیہ تشدد،شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے )کے خلاف مظاہرہ سمیت دیگر کئی ایشوزپر بحث ہونے والی تھی۔