نئے نوول کورونا وائرس کی وبا چین میں اب دم توڑنے لگی ہے مگر دنیا کے دیگر ممالک میں یہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔
18 مارچ کو چین میں مقامی طور پر کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کا کوئی مقامی کیس سامنے نہیں آیا جبکہ 19 مارچ کو بھی ایسا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، تاہم بیرون ملک سے آنے والے افراد میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی۔

اس ک مقابلے میں چین سے باہر 18 مارچ کو ہزاروں کیسز کی تشخیص ہوئی۔
تو آخر چین نے اس وبا کی روک تھام میں کامیابی کیسے حاصل کی؟
اس کا جواب عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر بروس ایلورڈ نے دیا جو 25 طبی ماہرین کی ٹیم کے سربراہ کے طور پر چین کے دورے پر گئے تھے۔

چین سے واپسی پر انہوں نے بتایا کہ چین میں لاکھوں افراد اس بیماری سے اس لیے بچ گئے کیونکہ وہاں بہت جارحانہ قسم کا ردعمل ظاہر کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ چینی حکومت کی تیکنیک پرانے زمانے کی تھی مگر ان کا اطلاق نئے انداز سے اس پیمانے پر کیا گیا جیسا ہم نے تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا تھا۔
چین کے ایسے ہی موثر اور ڈرامائی طریقہ کار جانیں جنہوں نے اس نئے کورونا وائرس کی روک تھام میں نمایاں کردار ادا کیا۔









