نئی دہلی ، 23 مارچ (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہ لینے پر تشویش کا اظہار کیا اور تمام ریاستی حکومتوں سے اصولوں اور قوانین کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔
مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا ، “بہت سے لوگ ابھی بھی لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ براہ کرم اپنے آپ کو بچائیں ، اپنے کنبہ کو بچائیں ، ہدایات پر سنجیدگی سے عمل کریں۔ میں ریاستی حکومتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اصولوں اور قوانین پر عمل کریں۔‘‘
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے انفیکشن کے خطرے کے پیش نظر مختلف ریاستوں کے 75 اضلاع اور شہروں کو لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کورینا وائرس (کوویڈ ۔19) کے پھیلنے سے بچنے کے لئے ملک کی مختلف ریاستوں میں پیر سے 31 مارچ تک لاک ڈاؤن ہوگا۔ لاک ڈاؤن کے دوران ضروری خدمات کے علاوہ دیگر سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں گی۔
مسٹر مودی نے مہلک کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کرنے والوں کی تعریف کی اور ان سے کہا کہ وہ اس چیلنج کے خلاف لڑنے کے لئے متحرک ہوجائیں۔ جمعرات کے روز ، قوم کے نام اپنے پیغام میں ، مسٹر مودی نے اتوار کے روز جنتا کرفیو میں شامل ہونے اور جنگ لڑنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کرنے کے لئے شام پانچ بجے لوگوں سے تالیاں بجانے یا تھالی(شنخناد) بجانے کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے بڑے پیمانے پر جنتا کرفیو اور شنخناد میں شامل ہونے اور اس کی حمایت کرنے پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ، “ملک نے ہر اس فرد کا شکریہ ادا کیا جس نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ کی قیادت کی۔ ملک کے عوام کا بہت شکریہ۔‘‘ انہوں نے کہا ، “یہ شکریہ کی آواز ہے ، بلکہ طویل جنگ میں فتح کا آغاز بھی ہے۔ آؤ ، اس عزم کے ساتھ ، اس تحمل کے ساتھ ، اپنے آپ کو ایک طویل لڑائی کے لئے سماجی دوری کے بندھن میں باندھ لیں۔”
ایک اور ٹویٹ میں ، انہوں نے کہا ، “اگرچہ آج کا جنتا کرفیو رات 9 بجے ختم ہوگا ، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم جشن منانا شروع کریں۔ اسے کامیابی قرار نہ دیں۔ یہ ایک لمبی لڑائی کا آغاز ہے۔ آج ملک کےعوام نے بتایا ہے کہ ہم قابل ہیں ، اگر ہم فیصلہ کریں تو ہم مل کر سب سے بڑے چیلنج کو مات دے سکتے ہیں۔‘‘
انہوں نے لوگوں سے مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں کے ذریعہ جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کو کہا۔ ان اضلاع اور ریاستوں میں جہاں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے ،وہاں گھروں سے بالکل باہرنہ نکلیں۔ اس کے علاوہ ، باقی میں بھی جب تک ضروری بہت ضروری نہ ہو،باہر نہ نکلیں۔ ”
یواین آئی۔اےایم۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ کورونا وائرس سے ملک میں اب تک سات افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 390 افراد اس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔