نئی دہلی، 26 مارچ ؛حکومت نے کورونا وائرس ’کووِڈ-19‘ سے لڑنے والے سرکاری اسپتالوں اور صحت مراکز کے اہلکاروں کو 50 لاکھ روپیے کا بیمہ دینے کا اعلان کیا۔ اس کے تحت 22 لاکھ صحت اہلکاروں کو بیمہ کی سہولت مل سکے گی۔
Symbolic Picture
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اس بیمے کے تعلق سے جمعرات کو راحت پیکج کے اعلان کے دوران بتایا۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ اس کے تحت آشا اہلکاروں، صفائی اہلکاروں، وارڈ بوائز، نرس، پیرامیڈیکل، ٹیکنیشیل اور ڈاکٹروں کا ایک خصوصی بیمہ اسکیم کے تحت بیمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس متاثرین کے علاج کے دوران کسی بھی صحت اہلکار کے اس کی زد میں آنے پر اسے بیمہ کا فائدہ ملے گا۔ اس کے تحت مرکز کے ساتھ ریاستوں کے اسپتالوں میں کام کرنے والوں کو بھی فائدہ ملے گا۔
حکومت نے كورونا وائرس سے نمٹنے کے مقصد سے شروع کئے گئے 21 روزہ لاك ڈاؤن سے متاثر ہونے والوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے وزیر اعظم کے غریبوں کی بہبود کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے 1.70 لاکھ کروڑ روپے کے امدادی پیکیج جاری کیا۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں اس پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس پیکیج میں غریب، کسان، مزدور، خواتین، دہاڑی مزدور، سینئر سٹیزن،معذور، بیواؤں اور منظم شعبے کے کارکنوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت پردھان منتری غریب انّ یوجنا کا آغاز کیا جائے گا جس میں غریبوں کو بلا معاوضہ اناج دیا جائے گا۔ پردھان منتری انّ یوجنا کے تحت 5 کلو اضافی گندم یا چاول اگلے تین ماہ تک ملے گا۔ اس کے ساتھ ہی ہر خاندان کو اس مدت میں ہر مہینے ایک کلو دال بھی دی جائے گی۔ اس کا فائدہ قریب 81 لاکھ ان لوگوں کو ہوگا جنہیں ابھی عوامی نظام تقسیم کے ذریعے ہر ماہ فی شخص پانچ کلو اناج مل رہا ہے۔ اس منصوبہ پر 40 ہزار کروڑ روپے کے چرچ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پردھان منتری کسان سمان فنڈ اسکیم کے تحت ملنے والی سالانہ چھ ہزار روپے کی مالی مدد کے تحت اپریل کے شروع میں دو ہزار روپے کی پہلی قسط جاری کی جائے گی جس سے 8.65 لاکھ کسانوں کو 16 ہزار کروڑ روپے براہ راست ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کئے جائیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر منریگا کے تحت ملنے والی دہاڑی میں 20 روپے یومیہ کا اضافہ کیا گیا ہے اور اب یہ 182 روپے سے بڑھا کر 202 روپے کر دی گئی ہے۔ اس سے قریب 13.62 کروڑ خاندان کو فائدہ ہو گا اور اس پر 5600 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی سوشل ڈسٹیشگ پر عمل کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کے بعد منریگا کے تحت کام شروع کرنے کا بندوبست کیا جائے گا تاکہ دیہی علاقوں میں لوگوں کو روزگار مل سکے۔