ہردوئی:27مارچ(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں لاک ڈاؤن کے اعلان اور عوامی اجتماع پر پابندی کے باجوداجتماعی طور سے نماز باجماعت ادا کرنے کے الزام میں پولیس نے 150 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امت گپتا نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ پورے ملک میں کسی بھی مذہبی، تہذیبی پروگرام نہ کرنے اور عوامی اجتماعی سے بچنے کے ہدایات کے باوجود جمعرات کو ہردوئی کے تین مساجد میں اجتماعی طور سے نماز پڑھنے کے معاملے سامنے آئے ہیں۔
پولیس نے اس ضمن میں کاروائی کرتے ہوئے 150سے زیادہ نمازیوں اور مساجد کے امام کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔پولیس نے ان افراد کے خلاف وبائی و آفت ایکٹ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی ایف آئی آر درج کر کے کاروائی کررہی ہے۔ متعدد مساجد سے آج جمعہ کی نمازمسجد کے متعلقین کی جانب سے ادا کرنے اور بقیہ افراد کو گھر پر ہی ظہر کی نماز ادا کرنے کی تلقین کی گئی۔
مسٹر گپتا نے بتایا کہ سنڈیلہ قصبے کے ننجاروں والی مسجد میں سو افراد اور شہر کوتوالی کے ویٹگنج والی مسجد میں 35 اور پالی قصبے میں ایک مسجد میں 20 افراد کےنماز پڑھنے کی اطلاع کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر نماز ختم ہونے کے بعد مساجد میں موجود نمازیوں کو سخت سست سنایا اور تینوں مساجد میں نماز ادا کررہے تقریبا 150 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔