تین شعبان المعظم حریت پسندوں کے سید و سالار حضرت امام حسین علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت جبکہ چار شعبان المعظم علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت تھا اور آج پانچ شعبان المعظم واقعہ کربلا کے مبلغ و پیغام رساں حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت ہے۔
پانچ شعبان آسمان امامت و ولایت کے چوتھے درخشاں ستارے فرزند رسولۖ، سیدالساجدین حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر ایران میں جشن و سرور کا ماحول ہے اور ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد، امام بارگاہوں، مقدس مقامات ، مختلف عمارتوں اور سڑکوں کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔
ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں کے مسلمان عوام ان ایام میں اعیاد شعبانیہ یا شعبان کی عیدوں کے عنوان سے جشن مناتے ہیں اوراہل بیت عصمت و طہارت کے حضور اپنے والہانہ عشق وعقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔
پاکستان، ہندوستان، لبنان اورشام سمیت بہت سے ملکوں میں پانچ شعبان فرزند رسول حضرت امام زین العابدین علیہ الصلوات و السلام کا یوم ولادت پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اسی مناسبت اور مبارک موقع پر سحرعالمی نیٹ ورک اپنے تمام ناظرین، سامعین اور چاہنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔