سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں مہلک وائرس کرونا کے 110 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔مملکت میں اب اس مہلک وائرس کے کیسوں کی تعداد 1563 ہوگئی ہے۔
وزارتِ صحت نے منگل کے روز کرونا وائرس سے مزید دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور اب تک مملکت میں مرنے والوں کی تعداد دس ہوگئی ہے۔دونوں متوفیٰ مدینہ منورہ کے مکین تھے اور ان کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
سعودی عرب میں ریکارڈ کیے گئے کرونا وائرس کے نئے کیسوں میں 33 کا تعلق دارالحکومت الریاض ، 29 کا جدہ ، 20 کا مکہ مکرمہ ، سات کا القطیف اور چار کا الخبر سے ہے۔
وزارت صحت کے مطابق الدمام اور مدینہ منورہ میں کرونا وائرس کے تین ، تین، الہفوف، جازان اور ظہران میں دو، دو نئے کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے۔البدائع ، ابھا اور خمیس مشیط میں ایک ، ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔راس تنورہ اور الخفجی سے بھی کرونا وائرس کا ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
وزارتِ صحت نے اس امر کی بھی تصدیق کی ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ 165 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔سعودی حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے گذشتہ اتوار کو مزید اقدامات کا اعلان کیا ہے اور جدہ میں مکینوں اور شہریوں کے داخلے یا وہاں سے خروج پر پابندی عاید کردی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق جدہ کی گورنری میں کرفیو کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔اس کا آغاز اب شام سات بجے کے بجائے سہ پہر تین بجے ہوتا ہے اور یہ صبح چھے بجے تک نافذ العمل رہتا ہے۔
تاہم سکیورٹی فورسز ،فوج اور میڈیا سمیت اہم سرکاری اور نجی شعبوں میں کام کرنے والے اہلکار اور شعبہ صحت میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر حضرات اور طبی عملہ کو کرفیو کی پابندیوں سے مستثنا قرار دیا گیا ہے۔
حکومت نے گذشتہ ہفتے مملکت کے تیرہ صوبوں میں شہریوں اور مکینوں پر سفری پابندی عاید کردی تھی۔جدہ سے پہلے 23 مارچ کو مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور دارالحکومت الریاض میں سہ پہر تین بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔اس کے تحت ان شہروں سے خروج یا ان میں دخول پر پابندی عاید ہے۔