لکھنؤ(نامہ نگار)ٹھاکر گنج علاقہ میں اتوار کی دیر رات بجلی کا تار چوری کرتے ہوئے ایک چور کو دکاندار اور اس کے بیٹے نے لوگوں کی مدد سے پکڑ لیا۔ جبکہ چوری کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ایس او ٹھاکر گنج ششی کانت یادو نے بتایا کہ بری روڈ پر دکاندار محمد شمیم کا گھر ہے کل دیر رات اچانک ان کا کتا بھونکنے لگا جس پر محمد شمیم اوران کا بیٹا جان محمد جاگ اٹھے۔ گھر سے باہر نکلے تو دیکھا کہ دو لوگ بجلی کا تار کاٹ رہے ہیں ایک شخص بجلی کے کھمبے پر چڑھا ہے جبکہ اس کا ساتھی نیچے تار جمع کر رہا تھا۔ یہ دیکھ کر دونوں باپ بیٹے نے شور مچا دیا۔ شور سن کر نیچے کھڑا چور بھاگ نکلا۔ جبکہ کھمبے پر چڑھا چور جیسے ہی کود کر فرار ہونے لگا مقامی لوگوں نے اسے گھیر کر پکڑ لیا اور پٹائی کے بعد پولیس کے سپرد کر دیا۔ پوچھ گچھ میں پکڑے گئے چور نے اپنا نام بری کلاں کا نانہو پال اور مفرور ساتھی کا نام کلو بتایا۔ پولیس نے چور کے قبضے سے ۲۰کلو تار، آری، بلیڈ اور پلاس برآمد کیا ہے۔