سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اضافی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک ذمے دار نے جمعے کے روز بتایا کہ دمام شہر اور قطیف اور طائف کے ضلعوں میں کرفیو کے آغاز کا وقت بڑھا کر آج سہ پہر تین بجے کر دیا گیا ہے۔ کرفیو کا دورانیہ تاحکم ثانی جاری رہے گا۔ عہدے دارے کے مطابق سابقہ اعلان کردہ شعبے اور سرگرمیاں متعلقہ حکام کی جانب سے متعین کردہ صورت حال کے تحت کرفیو کی پابندی سے مستثنی ہوں گی۔
سعودی وزارت داخلہ نے مذکورہ شہروں اور ضلعوں کی آبادی کو باور کرایا ہے کہ یہ اقدام صحت عامہ کے حفظان کے لیے احتیاطی اور ضروری اقدامات میں سے ہے۔ لہذا تمام لوگ مفاد عامہ کو یقینی بنانے کے لیے سماجی تنہائی سے متعلق تدابیر پر کاربند رہیں۔
اس سے قبل وزارت داخلہ نے جمعرات کے روز مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تمام علاقوں میں روزانہ 24 گھنٹے کے کرفیو کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران دونوں شہروں میں داخل ہونے اور وہاں سے باہر جانے پر پابندی ہو گی۔ یہ فیصلہ تا حکم ثانی نافذ العمل رہے گا۔ اسی طرح دونوں شہروں کے رہائشی علاقوں میں ہر قسم کی تجارتی سرگرمی اور کام کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ البتہ فارمیسیز، بینکنگ خدمات، راشن اور اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے والے مراکز اور ایندھن کے اسٹیشنز اس فیصلے سے مستثنی ہوں گے۔
سعودی وزارت صحت نے جمعرات کے روز اعلان کیا تھا کہ مملکت میں کرونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1885 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ وائرس کے سبب 21 افراد دنیا سے رخصت ہوئے۔ وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی نے یومیہ بریفنگ میں بتایا کہ اب تک کرونا کے مریضوں میں سے 328 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔