امریکی انٹیلی جنس کے مطابق چین نے دنیا کو کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار کم کر کے بتائے۔ بیجنگ نے اس قسم کے الزامات مسترد کر دیے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ نیوز کے مطابق ٹرمپ حکومت کے لیے تیار کی گئی ایک خفیہ رپورٹ میں امریکی انٹیلی جنس کے اہلکار اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ چین نے کورونا وائرس سے متعلق حقائق پر پردہ ڈالا۔
نیوز ایجنسی کے مطابق کم از کم دو اہلکاروں نے کہا کہ چین کے اعداد و شمار “جعلی” ہیں۔اس رپورٹ کی مزید تفصیلات منظر عام پر نہیں آئیں۔
بدھ کو صدر ٹرمپ نے کہا کہ چین سے متعلق ایسی کوئی انٹیلی جنس رپورٹ ابھی ان کی نظر سے نہیں گزری۔بدھ کو صدر ٹرمپ نے کہا کہ چین سے متعلق ایسی کوئی انٹیلی جنس رپورٹ ابھی ان کی نظر سے نہیں گزری۔ تاہم انہوں نے چین کے اعداد و شمار پر تحفظات کا اظہار کیا۔
کورونا وائرس کی وبا دسمبر میں چین کے علاقے ووہان سے شروع ہوئی۔ بیجنگ کے مطابق چین میں بیاسی ہزار لوگ اس وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ تین ہزار تین سو افراد ہلاک ہوئے۔
حالیہ ہفتوں میں اس وبا کے جانی نقصانات میں امریکا، اسپین اور اٹلی نے چین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بیجنگ نے امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے امریکی حکومت چین پر الزام تراشی کی کوشش کر رہی ہے۔ چین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ کورونا کے بحران سے بیجنگ حکومت “کھلے اور شفاف” طریقے سے نمٹ رہی ہے۔
لیکن بعض ماہرین کی نظر میں جس انداز سے چین نے اس وبا پر بظاہر قابو پایا اس پر سوالیہ نشان ہے۔