سعودی عرب کی وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں مزید 140 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اہم ترین شہر جدہ میں بھی کرفیو نافذ کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2179 ہوچکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے باعث مزید چار مریض ہلاک ہو گئے جبکہ کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 29 ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں اقتدار کی جنگ بھی جاری ہے خیال کیا جاتا ہے کہ کورونا کو بہانہ بنا کر سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اپنے مخالفین کو کچلنے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت 25 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی تاہم اس سے ایک روز قبل ہی حکومت نے ملک میں کرفیو کا نفاذ کردیا تھا اور مساجد میں پانچ وقت کی نماز باجماعت ادا کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔
سعودی عرب کی حکومت نے مکہ اور مدینہ کے بعد اہم ترین شہر جدہ میں بھی کرفیو نافذ کردیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے اعلان کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدام کے طور پر جدہ میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے ۔
سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق جدہ میں کرفیو کے دوران داخلہ ممنوع ہوگا، اور کرفیو کے دوران تمام کاروباری سرگرمیاں بھی معطل رہیں گی تاہم روزمرہ کی ضروری اشیاء جن میں میڈیکل سٹورز اور کھانے پینے کی دکانیں کھلی رہیں گی اور لوگوں کو ان کے گھر کے قریب علاقوں سے ان اشیاء کی خریداری کرنے کی صبح 6 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک اجازت ہوگی۔