لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ نگرام علاقہ میں سنیچر کی دیر ر ات ایک شادی کی تقریب میں اس وقت افراتفری مچ گئی جب خوشی میں کی گئی فائرنگ میں دولہے کے ایک رشتہ دار کو گولی لگ گئی۔ گولی لگنے سے زخمی نوجوان کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔پولیس نے واردات میں استعمال لائسنسی دو نالی بندوق بھی برآمد کرلی ہے۔ اس معاملہ میں پولیس نے دولہے کے فریق کی تحریر پر رپورٹ بھی درج کر لی ہے۔ ایس پی دیہی سومتر یادو نے بتایا کہ نگرام کے رسون پور سموسی گاؤں کے رہنے والے کسان ہری رام یادو کی بیٹی کی بارات سنیچر کی رات اناؤسے آئی تھی۔
شادی کی تقریب کے دوران چاروں طرف خوشیوں کا ماحول تھا۔ تقریب میں اس وقت افراتفری مچ گئی جب ڈانس کر رہے ایک شخص کو بندوق کی گولی لگی۔ گولی دولہے کے رشتہ دار اناؤ کے رہنے والے وجے کمار کے کندھے پر لگی جس سے وہ لہو لہان ہوکر گر پڑے۔ شادی کی تقریب میں اچانک اس حادثہ کے بعد سناٹا چھا گیا۔ دولہے والے زخمی وجے کمار کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر لیکر گئے اور اطلاع پاکر نگرام پولیس بھی وہاں پہنچ گئی۔ پولیس کو موقع پر استعمال کی گئی لائسنسی بندوق بھی مل گئی ۔معلوم ہوا ہے کہ بندوق لڑکی والوں کی طرف سے آئے بھوانی کھیڑاکے رہنے والے وریندر پرتاپ کی ہے۔ تحقیقات کے بعد پولیس نے بندوق کو اپنے قبضہ میں لے لیا اور دولہا والوں کی تحریر پر رپورٹ درج کر لی۔ ایس پی دیہات نے بتایا کہ لائسنسی اسلحہ کے استعمال کی رپورٹ ڈی ایم کو بھیجی جا رہی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ زخمی وجے کمار کی حالت خطرہ سے باہر ہے۔