جنیوا / نئی دہلی، 9 اپریل ( یواین آئی) کورنا وائرس اورلاک ڈاؤن کے درمیان بچوں کو کورونا وائرس سے لڑنے اورجذباتی طور پر مضبوط بنانے کے لئے 50 سے زیادہ بین الاقوامی تنظیموں نے مل کر ایک باتصویر کہانی کتاب جاری کی ہے۔
’مائی ہیرو از یو: ہاؤ کڈز کین فائٹ كووڈ 19‘ نامی اس کتاب کو کامک کتاب کی طرز پر تیار کیا گیا ہے۔ اس کا ہیرو’ایریو‘ ہے۔ کتاب میں یہ بتایا گیا ہے کہ بچے کس طرح اپنے ساتھ ساتھ اپنے خاندان اور دوستوں کو بھی کورونا وائرس سے بچا سکتے ہیں. نئے حالات اور تیزی سے ہو رہی تبدیلیوں کے درمیان اپنے جذبات کو کنٹرول کرنے کے گرایریو انہیں بتائے گا۔
دنیا بھر کے 1700 سے زائد بچوں، والدین اوراساتذہ سے کورونا وائرس کے سلسلہ میں ان کے تجربے جاننے کے بعد ہیلن پیٹک نے کتاب کےمکالمےاوراليوسٹریشن تیار کئے ہیں. عالمی ادارہ صحت، یونیسیف، اقوام متحدہ مہاجرین ہائی کمشنر، بین الاقوامی ریڈ کراس فیڈریشن اور’سیو دی چلڈرن‘ سمیت 50 سے زائد بین الاقوامی تنظیموں نے اسے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یونیسیف کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹرهنریٹا فورنے کہا’’دنیا بھرمیں بچوں کی زندگی اچانک بدل گئی ہے۔ ان میں زیادہ تر جہاں ہیں ان ممالک میں لاک ڈاؤن یا نقل وحرکت پر پابندی ہے۔ یہ کتاب نئے حالات کو سمجھنے اوران سےتال میل قایم کرنے میں ان کی مدد کرے گی۔ وہ جانیں گے کہ چھوٹے چھوٹے کام کرکے وہ کس طرح اپنی کہانی کے ہیرو بن سکتے ہیں‘‘۔
کتاب بنیادی طور پر انگریزی میں تیار کی گئی ہے۔ اس کا چینی، روسی، فرانسیسی، یوکرین، بہاماز، مالائی، ترکی، ہسپانوی اورعربی ترجمہ بھی آج جاری کیا گیا۔ آنے والے وقت میں 30 دیگر زبانوں میں اس کا ترجمہ کیا جائے گا۔