امریکا کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد کے بعد ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے بھی سرفہرست ملک بن گیا ہے جہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اٹلی سے تجاوز کر گئی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 19 ہزار 600 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ وبا کے مزید پھیلنے کے خطرات موجود ہیں۔
خیال رہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چین سے بڑھ گئی تھیں جس کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتوں کا حامل ملک بن گیا تھا۔
اٹلی اس وقت کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں مجموعی طور پر 19 ہزار 468 ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی ہے۔
یورپ کا اہم ملک اسپین تیسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا وائرس سے 16 ہزار 353 افراد جان کی بازی ہار گئے۔رپورٹ کے مطابق امریکا آبادی کے اعتبار سے اٹلی سے 5 گنا اور اسپین سے 7 گنا بڑا ملک ہے۔امریکا میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات بھی ریکارڈ کی گئیں جس کی تعداد 2000 رپورٹ کی گئی ہے۔
امریکی صحت کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شہریوں کو گھروں کے اندر تک محدود رہنے کے احکامات کو 30 روز بعد توسیع نہ دی گئی تو ہلاکتوں کی تعداد آنے والے مہینوں میں 2 لاکھ سے تجاوز کرجائے گی۔
رپورٹ کے مطابق امریکا میں ایسٹر کی چھٹیوں کے دوران کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ گئی ہے۔واضح رہے کہ امریکی حکومت نے 50 میں سے 42 ریاستوں میں شہریوں کو گھروں سے بے جا باہر نہ نکلنے کی ہدایت دو ہفتے قبل کی تھی جس کے بعد ماہرین معاشیات کا کہنا تھا کہ مہینے کے آخر تک بے روزگاری کی شرح 2 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا تھا کہ کب تک کاروبار کو بند رکھا جائے گا اور سفری پابندیاں کب برقرار رہ سکتی ہیں۔
برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار کے قریب
برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 917 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایک دن میں ہونے والی 917 ہلاکتوں سے مجموعی تعداد 9 ہزار 875 تک پہنچ گئی ہے۔