الہ آباد۔ لاک ڈاؤن کے دوران مسلم محلوں کی صفائی اور حفظان صحت کے کاموں میں خود کو وقف کر دینے والے کارکنان کو مسلم دانشوروں کی طرف سے اعزاز دیا جا رہا ہے ۔الہ آ باد کے مسلم محلوں میں تعینات صفائی ملازمین کی مقامی آبادی کی طرف سے حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ۔ صفائی ملازمین کی گلپوشی کرکے ان کی غیر معمولی خدمات کا اعتراف کیا جا رہا ہے ۔
مسلم دانشورو ں کا کہنا ہے کہ صفائی ملازمین اس وقت سماج کو کورونا سے بچانے کے لئے اپنی جان کی بازی لگائے ہوئے ہیں ۔ کورونا کے اس پر آشوب دور میں اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر گنجان آبادی میں صفائی کرنے والے کارکنان کی خدمات کا اعتراف کم ہی کیا جا تا ہے ۔لیکن الہ آباد کے مسلم محلوں میں اپنی ڈیوٹی انجام دینے والے صفائی ملازمین اور صحت کارکنان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں مسلم دانشوروں اور سماجی کارکنان کی طرف سے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ صفائی ملازمین اور ہیلتھ ورکروں پر گلپوشی کر کے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔
علاقے کی کار پوریٹر ممتاز انصاری کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران صفائی ملازمین اور ہیلتھ ورکر دن رات اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ۔یہ کارکنان علاقے میں صفائی کے ساتھ ساتھ لوگوں کو حفظان صحت کے بارے میں بھی عوام کو بیدار کر رہے ہیں ۔ شہر کے معروف سماجی کارکن پرویز اختر صفائی ملازمین کی حوصلہ افزائی میں پیش پیش ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ صفائی ملازمین اور ہیلتھ ورکروں کی دن رات مستعدی کا ہی نیتجہ ہے کہ الہ آباد دوسرے اضلاع کے مقابلے ابھی بھی کافی محفوظ تصور کیا جا رہا ہے ۔ لاک ڈاؤن کے دوران سماجی کارکنان اور صفائی ملازمین کے درمیان بہترین تال میل بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔