نئی دہلی۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی (Rahul Gandhi) نے جمعرات کو ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعہ پریس کانفرنس کی۔ راہل نے کہا ’’ میرے تبصروں کو کسی تنقید کے طور پر نہ لیا جائے بلکہ اسے ایک صلاح کے طور پر سنے جائیں۔ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے ہوں گے‘‘۔
راہل نے کہا’ لاک ڈاون ایک پاز بٹن ہے نہ کہ علاج۔ جب ہم لاک ڈاون کے باہر آئیں گے تو پھر سے وائرس کی گرفت میں آنے کا اندیشہ ہے۔ لاک ڈاون کے ذریعہ حکومت کو وقت ملا تاکہ وہ وسائل کو جٹا سکے جس سے کورونا کا مقابلہ کر سکے‘۔ راہل نے کہا کہ حکومت کو میری صلاح ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹنگ کرے۔
راہل نے کہا’ کووڈ وائرس سے لڑنے کے لئے ہماری مین فورس ضلع اور ریاست کی اکائیاں ہیں۔ کیرالہ، وائناڈ میں تیزی ہے، وہ ضلع اکائی کے طریق کار کا اثر ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو چاہئے کہ وہ ضلع اکائیوں کو مضبوط کریں‘۔
گزشتہ دنوں حکومت کے ذریعہ ایم پی فنڈ اگلے دو سال تک ملتوی کئے جانے پر راہل نے کہا ’ اس سنگین صورت حال میں یہ کوئی بڑا معاملہ نہیں ہے۔ میرا مشورہ ہے کہ حکومت حکمت عملی سے کام کرے۔ لاک ڈاون سے بات نہیں بنی بلکہ صرف ٹلی ہے۔ ریاستوں کو جی ایس ٹی مہیا کرائی جائے‘۔ ریاستوں کو دئیے گئے پیکیج پر راہل نے کہا کہ جس رفتار سے پیسہ پہنچنا چاہئے وہ نہیں ہو رہا ہے۔