دیوبند : بغیر اجازت راشن تقسیم کر رہے سماجوادی پارٹی کے لیڈر کو پولیس نے نوٹس جاری کر دفعہ 144کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرنے کا انتباہ دیا ہے ،پولیس کے مطابق ملزم لیڈر بغیر اجازت کے گاؤں گاؤں جاکر بھیڑ کو جمع کر کے سوشل ڈسٹینسنگ کی دھجیاں اڑا رہا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق دیوبند کے قریبی گاؤں شیو پور کا رہنے والا سماجوادی پارٹی کا لیڈر امیت چودھری گزشتہ کئی دنوں سے علاقہ میں راشن تقسیم کر رہا تھا جس کے سبب گاؤں گاؤں سے سوشل ڈسٹینسنگ کے ٹوٹنے کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں ،پولیس نے معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے امیت چودھری کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے ۔
جاری نوٹس میں پولیس نے کہا ہے کہ آپکے ذریعہ مسلسل دفعہ 144کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ،بغیر اجازت کے لوگوں کو راشن تقسیم کرنا قانونی جرم ہے ۔متعلقہ چوکی اچارج دھرم راج سنگھ یادو نے بتایا کہ امیت چودھری کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، نوٹس ملنے کے بعد بھی اگر انہوں نے دفعہ 144کی خلاف ورزی یا بغیر اجازت راشن تقسیم کیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
ایس ڈی ایم دیوبند دیوندر کمار پانڈے نے بتایا کہ کسی بھی علاقہ میں بغیر اجازت کے کوئی بھی فرد راشن تقسیم نہیں کر سکے گا اگر کسی بھی شخص کو غریب افراد کے درمیان راشن تقسیم کرنا ہے تو اس کو ایس ڈی ایم دفتر سے تحریری اجازت لینی ہوگی ۔