نئی دہلی : ہندوستانی بحریہ کے 21 جوانوں میں مہلک کورونا وائرس (كووڈ -19) کی تشخیص ہوئی ہے ۔
بحریہ ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ اس کے 20 جوانوں میں اس خطرناک وائرس کا انفیکشن پایا گیا ہے اور یہ تمام جوان ممبئی میں واقع بحریہ کے ایک رہائشی کمپلیکس آئی این ایس میں رہ رہے تھے ۔ ان سب کو قرنطین کر کے ان کا علاج کیا جا رہا ہے ۔
ان تمام میں کورونا وائرس انفیکشن کی علامات نہیں پائی گئی تھی ۔ ذرائع کے مطابق ان تمام کو یہ انفیکشن ایک اور جوان کے رابطے میں آنے سے ہوا ہے ۔ اس بحریہ کے جوان میں گزشتہ سات اپریل کو کورونا وائرس انفیکشن کی تصدیق ہوئی تھی ۔
یہ 20 جوان جس کمپلیکس میں رہ رہے تھے، اسے مکمل طور الگ تھلگ کر دیا گیا ہے اور تمام احتیاطی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ اس رہائشی کمپلیکس کو سیل کر دیا گیا ہے ۔ اس علاقے میں کورونا کے پروٹوکول کے مطابق تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔
ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ابھی بحریہ کے کسی بیڑے یا آبدوز میں سوار جوانوں میں اس وائرس انفیکشن کا کوئی کیس نہیں ہے ۔ بحریہ میں کورونا وائرس انفیکشن کا یہ پہلا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ فوجی سربراہ جنرل منوج مکند نرونے نے جمعہ کے روز ہی بتایا تھا کہ فوج کے آٹھ فوجی اس وائرس سے متاثر ہیں ۔