کورونا وائرس کے مرکز سمجھے جانے والے چین میں 27 اپریل سے تعلیمی اداروں کو کھولنے کا آغاز کردیا گیا جب کہ یورپی ملک اسپین میں بھی 6 ہفتوں بعد بچوں کو باہر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
کورونا وائرس کا آغاز دسمبر 2019 میں چین سے ہوا تھا اور وہاں جنوری 2020 میں تمام تعلیمی اداروں کو بھی بند کردیا گیا تھا۔

چین میں 82 ہزار سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہوئے تھے اور وہاں پر اس سے 5 ہزار کے قریب ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں، تاہم 26 اپریل کو کورونا کے مرکز سمجھے جانے والے شہر ووہان کی انتظامیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہاں کے تمام کورونا کے مریض صحت یاب ہوگئے۔
چین میں گزشتہ چند ہفتوں سے حالات بتدریج معمول پر آ رہے ہیں اور حکومت نے 27 اپریل کو کچھ علاقوں کے تعلیمی اداروں کو کھولنے کی اجازت بھی دی اور تقریبا 3 ماہ بعد طالب علموں نے تعلیمی اداروں کا رخ کیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شنگھائی اور بیجنگ جیسے بڑے شہروں میں 27 اپریل کو مڈل و ہائی اسکولز سمیت یونیورسٹیز کو کھول دیا گیا اور پہلے ہی دن طالب علموں کا رش دیکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق شنگھائی میں مڈل اور ہائی اسکول جب کہ بیجنگ میں یونیورسٹیز کو کھول دیا گیا۔









