نئی دہلی،3مئی؛ملک میں جہاں ایک طرف کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہےوہیں مثبت بات یہ بھی ہے کہ کورونا کے ٹھیک ہونے والے مریضوں کی شرح میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔پچھلے 24گھنٹے میں کورونا سے متاثر 682 لوگوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 10633 تک پہنچ گئی ہے اور ان کے ٹھیک ہونے کی شرح بڑھکر 26فیصد سے زیادہ ہوگئی ہے۔
مرکزی حکومت ملک میں کورونا وائرس ’کوویڈ -19‘ کے متاثرہ معاملوں کی روک تھام ،کنٹرول اور ان سے نمٹنے کی کوششوں کی اعلی سطح پر نگرانی رکھ رہی ہے اور اسی کے مطابق آگے کی حکمت عملی بھی بنارہی ہے اور لاک ڈاؤن کے تیسرے مرحلے میں مرکزی حکومت نے کورونا متاثرہ علاقوں کےلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ معاملوں کی تعداد کے پیش نظر ریڈ اور گرین زون کے بارے میں نئی ہدایات جاری کی ہیں اور ان میں کورونا کُل معاملوں کی تعداد اور ان کے دوگنا ہونے کی شرح اہم وجہ ہے۔اس کے علاوہ وہاں نمونوں کی جانچ کی شرح اور آبادی کے پھیلاو کو بھی توجہ میں رکھا جانا ہے۔
اسی کے پیش نظر ریڈ اور اورینج زون کو پھر سے متعارف کیاگیا ہے۔ان علاقوں میں وائرس کے انفیکشن کو روکنے کےلئے مناسب’کنٹینمنٹ اسٹریٹجی‘اپنائی جانی ضروری ہے۔اس کنٹینمنٹ زون کے باہر کے علاقے کا محاصرہ کرکے بہتر حکمت عملی بنائی جانی ہے لیکن اگر اس کےباہر کے علاقے یعنی بفر زون میں کوئی بھی کیس نہیں آرہا ہے اور اس کے باہر کے علاقے میں کچھ سرگرمیوں میں راحت دی جاسکتی ہے۔