دبئی ۔متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔اس میچ میں پ
اکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا لیکن مڈل آرڈر میں سعود شکیل اور امیر حمزہ اور پھر آخر میں ظفر گوہر اور عماد بٹ نے اہم شراکتیں قائم کر کے ٹیم کو فتح دلوائی ۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے ابتدائی بلے بازوں میں کپتان سمیع اسلم، امام الحق، حسن رضا اور کامران غلام شامل تھے۔اس ٹورنامنٹ میں چار مرتبہ سو رن سے زیادہ کی شراکت بنانے والے سمیع اسلم اور امام الحق اس بار بالترتیب 18 اور 28 رن ہی بنا سکے۔57 کے ا سکور پر چار وکٹیں گرنے کے بعد سعود شکیل اور امیر حمزہ نے 50 رن سے زیادہ کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔ اس شراکت کا خاتمہ سائر نے امیر حمزہ کو آؤٹ کر کے کیا۔ سعود شکیل نے 45 رن کی اننگ کھیلی اور انھیں فشر نے وکٹوں کے پیچھے کیچ کروایا جبکہ سیف اللہ خان کوئی رن نہ بنا سکے۔اس کے بعد اٹھویں وکٹ کے لیے ظفر گوہر اور عماد بٹ نے 63 رن کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کر کے پاکستان کی شکست کو فتح میں تبدیل کر دیا۔ظفر 37 اور عماد 36 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 204 رن بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے ٹیٹر سال اور فنچ نے اننگ کا آغاز کیا، لیکن یہ دونوں اوپنر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ بعد میں آنے والے بلے بازوں میں رائن ہگنز اور ول روڈز عمدہ بلے بازی کی اور ٹیم کو ایک بہتر سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔ان دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔ روڈز نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 76 رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہہ رائن ہگنز نے تین چوکوں کی مدد سے 54 رن بنائے پاکستان کی جانب سے ضیاالحق، کرامت علی اور ظفر گوہر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں پاکستان نے سری لنکا جبکہ انگلینڈ نے دفاعی چیمپیئن ہندوستان کو شکست دی تھی۔فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے مابین 26 فروری کو ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔