نئی دہلی، 17مئی؛ ملک گیر لاک ڈاون کے دوران سپریم کورٹ کی تاریخ میں ویڈیوکانفرنسنگ سے سماعت کے کئی نئے باب جڑے ہیں اور اسی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے نئی ہیلپ لائن شروع کی گئی ہے۔سپریم کورٹ رجسٹری نے مدعی، مدعا علیہ اور وکلا کو ہونے والی کسی بھی پریشانی سے بچانے کے لئے ایک ہیلپ لائن ٹیلی فون نمبر جاری کیا ہے۔
یہ ہیلپ لائن (1881) سپریم کورٹ میں معاملات کی ای فائلنگ کرنے کا طریقہ سمجھنے یا کسی طرح کی دقت کی صورت میں مدعی، مدعا علیہ اور وکلا کو مدد فراہم کرے گی۔ یہ ہیلپ لائن سپریم کورٹ رجسٹری کے سینئر حکام کی نگرانی میں صبح دس بجے سے شام پانچ بجے تک کام کرے گی۔
اس سے پہلے کورونا وبا کے پیش نظر عدالت عظمی کے کام کاج میں ایک تاریخی تبدیلی ہوئی ہے جس میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سماعت، وکلا کو کالا کاٹ اور گاون سے نجات دینا اور ای فائلنگ کی سہولیات شامل ہیں۔
خیال رہے کہ عدالت عظمی کی تاریخ میں پہلی بار سات ہفتہ کی گرمی کی چھٹیوں کو کم کرکے دو ہفتہ کے لئے کردیا گیا ہے۔ا س برس 18مئی سے پانچ جولائی تک چھٹیاں ہونی تھیں لیکن نئے سرکلر کے تحت اب عدالت عظمی میں 19جون تک عدالتی کام کاج ہوگا۔ اب اس برس صرف دو ہفتہ کے لئے گرمیوں کی چھٹیاں ہوں گی۔