نئی دہلی، 19 مئی (یواین آئی) ملک میں گزشتہ دو دنوں میں کورونا وائرس (کووڈ19) کے 10 ہزار سے زیادہ معاملے سامنے آنے سے متاثروں کی تعداد بڑھ کرایک لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اوراس اعدادوشمار کو پار کرنے والا یہ دنیا کا گیارہواں ملک بن گیا ہے۔
ملک میں اس انفیکشن سے تین ہزار سے زیادہ لوگوں کی اب تک موت ہوچکی ہے۔
ملک میں فی الحال کورونا انفیکشن کے 58,802 معاملے سرگرم ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے منگل کو صبح جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 4,970 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے مجموعی طور سے متاثروں کی تعداد بڑھ کر 101139 ہوگئی ہے۔اس سے ایک دن پہلے 5,242 معاملے سامنے آئے تھے۔
ملک میں اس انفیکشن سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں134 لوگوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3163 ہوگئی ہے۔ انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے باوجود ایک مثبت بات یہ بھی ہے کہ اس بیماری سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2350 لوگ صحت مند ہوئے ہیں جس کے ساتھ صحت مند ہوئے لوگوں کی مجموعی تعداد 39174 ہوگئی ہے۔