ممبئی، 22مئی (یو این آئی) ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر پندرہ مئی کو ختم ہونے والے ہفتہ میں 1.73ارب ڈالرکے اضافہ کے ساتھ دس ہفتوں کی بلند ترین سطح 487.04ارب ڈالر پر پہنچ گئے۔
یہ زرمبادلہ کی چھ مارچ کو ختم ہفتہ (487.24ارب ڈالر) کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔ مسلسل تیسرے ہفتہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے پہلے 8مئی کو ختم ہفتہ میں یہ 4.24ارب ڈالر کی کمی کے ساتھ 485.31ارب ڈالر پر رہا تھا۔
ریزرو بینک آف انڈیا کی طرف سے آج جاری اعداد و شمار کے مطابق زرمبادلہ ذخائر کے سب سے بڑے جزو غیرملکی کرنسی کے اثاثوں میں 15مئی کو ختم ہفتہ کے دوران 1.12ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور ہفتہ کے آخر میں یہ 448.67ارب ڈالر پر رہا۔ اس دوران سونے کے ذخائر 61.6کروڑ ڈالر کے اضافہ سے 32.91ارب ڈالر کے ہوگئے۔
زیرنظر ہفتہ میں بین الاقوامی کرنسی فنڈ کے پاس ریزرو فنڈ 1.3کروڑ کم ہوکر 4.04ارب ڈالر رہ گیا جبکہ اسپیشل ڈرائنگ رائٹس 20لاکھ ڈالر کے اضافہ کے ساتھ 1.43ارب ڈالر پر پہنچ گئے۔