ٹک ٹاک دنیا بھر میں مقبول ترین سوشل میڈیا ایپ ہے مگر حیران کن طور پر اس کی گوگل پلے اسٹور پر ریٹنگ حالیہ دنوں میں ایک اسٹار تک پہنچ گئی تھی، جو اب کچھ بہتر ہوکر 1.5 اسٹار ہوگئی ہے۔
اس سے زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ چند دنوں پہلے یہ ریٹنگ 4.5 اسٹار سے زیادہ تھی تو اچانک گوگل پلے اسٹور پر اس ایپ کے خلاف منفی ریویوز کی بھرمار کیوں ہوگئی؟
تو اس کے پیچھے بھارت میں یوٹیوب اور ٹک ٹاک کے 2 مقبول اسٹارز کے درمیان ہونے والی بحث اور گرما گرمی ہے جو تنازع کی شکل اختیار کرگئی۔
درحقیقت معاملہ اتنا گرم ہوگیا کہ ٹک ٹاک پر پابندی کا مطالبہ ٹوئٹر انڈیا میں ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب بھارت میں یوٹیوب میں مقبول ایک نوجوان کیری میناتی کی اس ویڈیو کو ویڈیو شیئرنگ سائٹ سے ہٹا دیا گیا جس میں اس نے ایک ٹک ٹاک اسٹار پر شدید تنقید کی تھی۔
یہ ویڈیو اس وقت ڈیلیٹ ہوئی جب اس کے ویوز 7 کروڑ سے زیادہ ہوچکے تھے اور اس کے بعد ٹک ٹاک پر پابندی کی مہم ٹوئٹر پر شروع ہوئی جبکہ گوگل پلے اسٹور پر اس سوشل میڈیا ایپ کے خلاف لاکھوں منفی ریویز پوسٹ ہوئے، جس کے بعد اس کی ریٹنگ بھی 4.6 سے گر کر ایک اسٹار تک گرگئی۔
دوسری جانب ٹک ٹاک نے اپنی ایپ میں معروف اسٹار فیصل صدیقی کی ایک ویڈیو کو پالیسی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ڈیلیٹ کیا جس کی شکایت بھارت کے نیشنل کمیشن فار ویمن کی چیئرمین ریکھا شرما نے ایک ٹوئٹ میں کی تھی۔
فیصل صدیقی کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ تھی جن میں سے بیشتر نے اپنا غصہ ٹوئٹر میں نکالا اور وہ بھی گوگل پلے اسٹور پر ٹک ٹاک کو ایک اسٹار ریٹنگ دینے لگے۔
ٹک ٹاک نے بھی اس حوالے سے ایک بیان میں بتایا ‘پالیسی کے مطابق ہم ایسے مواد کی اجازت نہیں دے سکتے جو دیگر افراد کے لیے خطرے کا باعث بنے، جسمانی نقصان پہنچانے کی سوچ بڑھائے یا خواتین کے خلاف تشدد کو قابل قبول بنائے، جس صارف کے بارے میں سوالا کیا گیا، اس نے پالیسی کی خلاف ورزی کی جس پر مواد کو ڈیلیٹ اور اکاؤنٹ معطل کردیا گیا، اور ہم اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کام کررہے ہیں’۔
ایک اور بیان میں کمپنی کا کہنا تھا ‘محفوظ اور مثبت ماحول کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیح ہے، ہماری پالیسیاں اس حوالے سے واضح ہیں اور ان کی خلاف ورزی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، گزشتہ چند دنوں کے دوران ہم نے پالیسیوں کی خلاف ورزی پر مبنی متعدد مواد کو ہٹایا ہے جبکہ اکاؤنٹس کو معطل کیا گیا’۔
اگر آپ کو معلوم نہ ہو تو جان لیں کہ گوگل پلے اسٹور یوزر ریویو کی بنیاد پر کسی ایپ کی کوالیٹی ریٹنگ کا تعین کرتا ہے۔
اب ایسا لگتا ہے کہ گوگل نے ان منفی ریویوز کی صفائی بھی گوگل پلے اسٹور میں شروع کردی ہے اور یہ تعداد 2 کروڑ 70 لاکھ سے کم ہوکر 2 کروڑ 20 لاکھ کے قریب ہوگئی ہے۔
گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران لاکھوں ریویوز کو ہٹایا گیا ہے اور ابھی تصدیق تو نہیں ہوئی مگر خیال یہی ہے کہ گوگل کی جانب سے ایسا کیا جارہا ہے۔
گوگل پلے پر 20 مئی تک ٹک ٹاک کے خلاف منفی ریویوز کی بھرمار ہوئی مگر 21 مئی کے بعد سے اس سیکشن کے پہلے صفحے میں کئی نیا ریویو نظر نہیں آرہا۔